مظفرآباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر میں شفاف انتخابات کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اتحاد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بائیکاٹ کی سیاست ختم کرے اور انتخابی اصلاحات کے لیے مل کر کام کرے۔
مظفرآباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انتخابات کے بعد ایک آئینی کنونشن بلایا جائے گا، جس میں حکومت، اپوزیشن، مہاجرین کے نمائندے، وکلا اور سول سوسائٹی کو بھی شریک کیا جائے گا تاکہ آزاد کشمیر کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے باہمی مشاورت سے کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر میں امن، انصاف، حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار چاہتے ہیں اور کشمیر کے فیصلے صرف منتخب قانون ساز اسمبلی کو کرنے چاہییں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ترقیاتی منصوبے میں کشمیری نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کے مساوی مواقع ملنے چاہییں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مظفرآباد اور میرپور میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جبکہ پونچھ میں بھی انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کشمیری نوجوان جدید دنیا سے جڑے رہیں۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ترقیاتی کام ضرور ہوئے ہوں گے، مگر آزاد کشمیر میں عوام کو ان کی کارکردگی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کا فلائی اوور پیپلز پارٹی نے بنایا جبکہ ن لیگ اپنے منصوبے بھی بروقت مکمل نہیں کر سکی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ کشمیر کو پنجاب یا سندھ نہیں بلکہ آزاد کشمیر کی اپنی شناخت کے ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 2 اگست سے قبل انتخابات کا تمام ریکارڈ عوام کے سامنے لایا جائے اور اگر دھاندلی نہیں ہوئی تو ریکارڈ سامنے لانے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔
بلاول بھٹو نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی مفاد کو ترجیح دے اور انتخابی عمل کو مکمل شفاف بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی جماعت کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تو وہ اسے واپس لینا بھی جانتے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بائیکاٹ کی سیاست ترک کرے، انتخابات میں حصہ لے اور شفاف الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر انتخابی اصلاحات پر کام کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر اس سیاسی جماعت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں جو آزاد کشمیر میں صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات چاہتی ہے۔



