اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے دسویں اجلاس کے متفقہ منٹس پر دستخط کر دیے۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارتی حجم کو آئندہ برسوں میں 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آزاد تجارتی معاہدے (Free Trade Agreement) کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ معاہدے کے قواعد، ٹیرف میں کمی اور تجارتی سہولتوں سے متعلق اہم امور پر بھی پیش رفت ہوئی۔
آزاد تجارتی معاہدے پر پیش رفت
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران نے آزاد تجارتی معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا اور اسے جلد مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ باہمی تجارت میں حائل رکاوٹوں کو کم کرکے کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے پر اتفاق
اجلاس میں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان براہِ راست روابط مضبوط بنانے، تجارتی وفود کے تبادلوں میں اضافہ کرنے اور نجی شعبے کے تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ دونوں ممالک کی معیشتوں کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
سرحدی تجارت اور مشترکہ منڈیوں پر توجہ
پاکستان اور ایران نے سرحدی تجارت کے فروغ، مقامی آبادیوں کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے اور چیدگی۔کوہک سرحدی مارکیٹ کے افتتاح کا عمل تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق مشترکہ سرحدی منڈیوں کے مؤثر انتظام کے لیے مشترکہ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جو سرحدی تجارت سے متعلق امور کی نگرانی کریں گی۔
زراعت، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس میں تعاون
دونوں ممالک نے زرعی اور باغبانی مصنوعات کی باہمی تجارت بڑھانے، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور سرحدی رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
تین روزہ مذاکرات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ طے شدہ فیصلوں پر فوری عمل درآمد کے لیے تکنیکی کمیٹیوں کو اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی۔



