لاہور (وی او این اردو) — سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے امریکی قونصل جنرل لاہور کی رہائش گاہ پر امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر اور امریکی قونصل جنرل لاہور اسٹیٹسن سینڈرز سے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات، علاقائی امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات باہمی اعتماد اور اہم شراکت داری پر استوار ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل رابطوں اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کر رہی ہے اور پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے پارلیمانی وفود کے تبادلے اور ارکان پارلیمنٹ کے باہمی رابطوں کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔
پاک امریکا تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے باہمی روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی، تجارتی، تعلیمی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
نیٹلی اے بیکر نے پنجاب اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کو بھی اہم قرار دیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں رابطوں کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
تجارت، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی پر گفتگو
امریکی قونصل جنرل لاہور اسٹیٹسن سینڈرز نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی روابط اور پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
ملاقات میں تجارت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب، پلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب، پرنسپل سیکرٹری برائے سپیکر عماد حسین بھلی، سپیکر کے ایڈوائزر اسامہ خاور اور ڈائریکٹر میڈیا برائے سپیکر پنجاب اسمبلی ماجد علی بھی موجود تھے۔



