اسلام آباد (ویب ڈیسک) — وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے وزارت خزانہ میں ملاقات کی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین نیب نے وزیر خزانہ کو قومی احتساب بیورو کی جانب سے اٹھائے جانے والے اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔
چیئرمین نیب نے مختلف معاملات کی جامع تحقیقات کے نتیجے میں رقوم کی وصولی کے ذریعے قومی خزانے میں ہونے والے مالیاتی اضافے اور نیب کی مجموعی کاوشوں کے حوالے سے بھی وزیر خزانہ کو بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نیب کی جانب سے کی جانے والی مؤثر اور قابلِ تحسین کاوشوں کو سراہتے ہوئے قومی اہداف کے حصول کے لیے وزارت خزانہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر خزانہ سے اے ڈی بی کے نائب صدر کی ملاقات
دوسری جانب وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران اے ڈی بی کے نائب صدر نے پاکستان کے معاشی استحکام، خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اور اصلاحاتی عمل میں پیش رفت کو سراہا۔
ینگ منگ یانگ نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات اور اصلاحاتی ایجنڈے کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی ترجیح اب معاشی استحکام سے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کی جانب منتقلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری، برآمدات، روزگار اور نجی شعبے کی شمولیت پائیدار اقتصادی ترقی کے بنیادی ستون ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملکی اور نجی سرمائے کو متحرک کرنے کے لیے جدید مالیاتی طریقہ کار، مشترکہ مالی معاونت اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی زیادہ شمولیت ضروری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور نجی شعبے کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔



