پاکستانتازہ ترین

سانحہ کارساز کے شہدا کی 19ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

صدر مملکت آصف علی زرداری کا شہدا کو خراج عقیدت، آئین کی بالادستی، عوامی حکمرانی اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سانحہ کارساز کے شہدا کی 19ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کا تحفظ شہدا کی قربانیوں کا بنیادی تقاضا ہے۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے سانحہ کارساز کے 19 سال مکمل ہونے پر شہدا کی قربانیوں کو یاد کیا اور انہیں پاکستان کی قومی تاریخ کا روشن باب قرار دیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو جان کو لاحق خطرات کے باوجود ثابت قدم رہیں۔ ان کی جرات، استقامت اور قربانی جمہوریت، امن اور انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیاں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ ان قربانیوں کی یاد آنے والی نسلوں کے لیے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے عزم کا سرچشمہ رہے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں آئینی بالادستی، جمہوری اقدار اور عوامی حکمرانی کے اصولوں کا تحفظ ضروری ہے تاکہ ایک مستحکم اور پُرامن معاشرے کی بنیاد مضبوط کی جا سکے۔

صدر مملکت نے سانحہ کارساز کے شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔

سانحہ کارساز کی یاد اور جمہوری جدوجہد

سانحہ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم اور المناک واقعہ ہے، جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر کراچی میں ان کے استقبالی جلوس کے قریب دھماکے ہوئے تھے۔ اس واقعے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ ہر سال شہدا کی یاد میں تقریبات منعقد کی جاتی ہیں اور جمہوریت کے لیے ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button