لاہور ،پشاور(بیوروچیف/نمائندگان) پشاور میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر کے 5 افراد کو قتل کر دیا۔پولیس حکام کے مطابق افسوس ناک واقعہ بڈھ بیر کے علاقے ماشوخیل میں رات دو بجے پیش آیا جہاں ملزموں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپےمارے جا رہے ہیں۔
صوابی کے علاقے شیوہ گولالو میں نامعلوم کی فائرنگ سے مرکزی مسلم لیگ کے رہنما مولانا کاشف جاں بحق ہو گئے، ان کی بیوہ نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور معلوم نہیں کہ وجہ کیا تھی۔
موضع ڈولہ میں عارف نامی شہری نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کر کے بیوی کو قتل کر دیا۔ ایک اور واقعہ میں موضع بام خیل میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ سے ایک شہری عابد علی جاں بحق ہو گیا، عابد علی نے زخمی حالت میں بیان دیا کہ نیاز نامی شہری نے اس پر فائرنگ کی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔
سرگودھا کے علاقے کندیاں میں ایک نشئی نے مسجد کے باہر تلخ کلامی پر نوجوان محمد وسیم اکرم کو کسّی کے وار کر کے زخمی کر دیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، کلورکوٹ کے علاقے ذمے والا میں جائیداد کے تنازع پر مخالفین نے فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔
راولپنڈی کےعلاقے ڈھیری حسن آباد میں بچوں کی لڑائی سےپیدا ہونے والی رنجش پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد قتل اور ایک زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق محمد قاسم نے بتایا کہ چونگی چوک کے قریب آریان اور معظم وغیرہ کا سجیل اور مزمل سے سابقہ رنجش پر جھگڑا ہورہا تھا، ہم نے بیچ بچاؤ کرانے لگے تو اچانک آریان اور معظم نے پستول نکال لیے اور فائرنگ کر دی
گولیاں لگنے سے میرا بھائی محمد اقبال ، سجیل اور مزمل شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم محمد اقبال اورسجیل جانبر نہ ہوسکے۔ سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نےواقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب کرلی۔پولیس نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث تین ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
لاہور کے علاقے ساندے میں سابق بیوی کو تیزدھار کٹر سے وار کر کے زخمی کرنے والے ملزم شبیر حسین کو گرفتار کر لیا گیا،ملزم واردات کر کے فرار ہو گیا تھا جسے پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کیلئےتعریفی اسناد کا اعلان کیاہے۔


