پاکستان کو لارڈزمیں بھی انگلینڈ سے بدترین شکست

لارڈز:(ویب ڈیسک)انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ قومی ٹیم 389 رنز کے تعاقب میں 194 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے دن انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 177 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی اور اس کی آخری تین وکٹیں گذشتہ روز کے اسکور میں 31 رنز کے اضافے سے گر گئیں۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 54.2 اوورز کی بیٹنگ میں 208 رنز بناکر آوٹ ہوئی۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز کی خاص بات ایسیکس کاؤنٹی کے 29 سال کے ڈین لارنس کے 70 گیندوں پر بنائے گئے 54 رنز تھے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈین لارنس کی یہ چھٹی نصف سنچری اننگز تھی۔
پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کی دوسری اننگز میں محمد عباس سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے 57 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ خرم شہزاد اور محمد علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
36 سال کے محمد عباس کی لارڈز میں یہ پانچ وکٹ کی پہلی اور پاکستان کی طرف سے تاریخی لارڈز کے میدان پر کسی بھی پاکستانی بولر کی پانچ وکٹ لینے کی ساتویں پرفارمنس تھی۔
لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم کے اسکور 290 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم صرف 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
انگلینڈ نے پہلی اننگز کی 180 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز میں پاکستان کو ٹیسٹ جیتنے کے لیے 389 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پاکستان کی دوسری اننگز میں بھی پہلی اننگز کی طرح اوپنر امام الحق پنڈلی میں تکلیف کے سبب دستیاب نہ تھے اور شان مسعود کیساتھ اذان اویس اننگز کا آغاز کرنے آئے۔
البتہ 14 کے مجموعی اسکور پر پاکستان پہلی اننگز کے ٹاپ اسکورر اذان اویس، عبداللّٰہ شفیق اور کپتان بابر اعظم کی وکٹیں گنوا چکا تھا۔ اس موقع پر سابق ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور سعود شکیل نے ٹیم کا سنبھالا دیا۔
چوتھے دن کھانے کے وقفے کے بعد بارش کے سبب کچھ دیر کے لیے کھیل روکا، اور جب دوبار شروع ہوا تو 111 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔
اولے رابنسن جنہوں نے اپنے تیسرے اوور کی تین گیندوں پر اوپنر اذان اویس اور عبداللّٰہ شفیق کو آؤٹ کیا تھا۔ ان کی ایک اندر آتی گیند شان مسعود کے پیڈز پر لگی، لیکن جنوبی افریقہ کے امپائر پالیکر نے بائیں ہاتھ کے بیٹس مین کو ناٹ آؤٹ قرار دیا۔ البتہ ڈی آر ایس میں واضح تھا کہ گیند واضع طور پر شان مسعود کی وکٹوں میں جارہی تھی، جب پیڈ پر لگی اور یوں امپائر کو اپنا فیصلہ بدلنا پڑا۔
شان مسعود 72 گیندوں پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور یوں سعود اور شان کے درمیان چوتھی وکٹ پر یہ 97 رنز کی شراکت ختم ہوئی۔ چھٹے نمبر پر آنے والے وکٹ کیپر محمد رضوان صرف 9 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور رابنسن کی دوسری اننگز میں چوتھی وکٹ بنے۔ رضوان نے وکٹوں میں آتی ایک سیدھی گیند پر گھٹنہ زمین پر رکھ کر زور دار شارٹ مارنے کی کوشش کی اور ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔
چائے کے وقفے کے بعد 16 کے انفرادی اسکور پر علی عثمان کو جوفرا آرچر نے آؤٹ کر دیا۔ دوسرے اینڈ پر سعود شکیل ڈٹے رہے، البتہ جوش ٹونگے کو پل شارٹ کھلیتے ہوئے وہ بدقسمتی سے پانچویں ٹیسٹ سنچری سے محض تین رن پہلے ہیری بروک کو باؤنڈری لائن پر کیچ تھما بیٹھے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 122 گیندوں پر 13 چوکے اور دو چھکے مارے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 194 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے اولے رابنسن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 24 رنز دے کر چار آوٹ کیے اور انگلینڈ نے ٹیسٹ رنز 194 سے جیت کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ پر شروع ہوگا۔



