اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، کراچی (ویب ڈیسک) اسلام آباد اور راولپنڈی میں دوسرے روز بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
جڑواں شہروں میں بدھ کی علی الصبح ہونے والی شدید بارش سے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد واسا حکام کی جانب سے پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں اوسطاً 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سیدپور میں 45 ملی میٹر، ایچ ایٹ میں 30 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 12 ملی میٹر، پیرودھائی میں 4 ملی میٹر جبکہ شمس آباد میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ
بارش کے بعد ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں رین ایمرجنسی نافذ ہے۔
واسا حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان کے مطابق راولپنڈی میں نکاسی آب اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ نالہ لئی میں طغیانی سے متاثرہ پشتوں کی بحالی کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا میں بارش، 3 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ 9 گھروں کو نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔
ضلع دیر لوئر میں رات گئے شدید بارش کے باعث بٹ خیلہ بائی پاس کے قریب ندی میں شدید طغیانی آگئی۔ پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافے کے دوران ایک ٹرک ڈرائیور پانی میں بہہ کر جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش بعد ازاں برآمد کرلی گئی۔
ہری پور میں لینڈ سلائیڈنگ، کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع
ہری پور کے گاؤں کالیلاڑ، ناڑہ امازئی، غازی میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث واحد سڑک مکمل طور پر بند ہوگئی، جس سے متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق گاؤں کا گورنمنٹ پرائمری اسکول کالیلاڑ بھی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا، جبکہ بجلی کے کھمبے گرنے سے پورے علاقے کی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کراچی میں بوندا باندی، موسم خوشگوار
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہریوں نے بارش کے باعث موسم میں آنے والی تبدیلی کو محسوس کیا۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں اور پوٹھوہار میں آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ ستمبر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں سیلاب کا خدشہ
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ موجود ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور میں گرمی اور حبس برقرار
دوسری جانب لاہور میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی ہے۔
پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں تربیلا اور کالا باغ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کی سطح پر ہے۔



