انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

پاکستان، کرغزستان میں متعدد معاہدے، لاہور اور اوش جڑواں شہر قرار

پاکستان اور کرغزستان کا دوطرفہ تجارت 2 سال میں 16 ملین سے 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کا عزم، تعلیم، صحت، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

بشکیک، اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اور کرغزستان نے تعلیم، صحت، تجارت، ماحولیاتی تبدیلی، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیے، جبکہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔

پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔

دستاویزات کے تبادلے کی تقریب کرغزستان کے صدارتی محل میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے اور مختلف معاہدوں و مفاہمت کی یادداشتوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اہم معاہدے

دستخط کیے گئے معاہدوں اور ایم او یوز میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغزستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹو کے درمیان مفاہمت کی یادداشت، دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان 2026-27 کے لیے تعاون کا پروگرام، ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے معاہدہ اور حوالگی کا معاہدہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سائنس و تکنیکی تعاون، فوجداری معاملات میں باہمی قانونی معاونت، منشیات اور نشہ آور اشیا کی اسمگلنگ کی روک تھام، طبی تعلیم، تعلیم، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں بھی تعاون کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔

پاکستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور کرغزستان کے متعلقہ ادارے کے درمیان اکیڈمک ریسرچ اور معاون سرگرمیوں کے شعبے میں بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

ورچوئل اثاثوں اور بلاک چین ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تعاون کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت، جبکہ لاہور اور اوش کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے قیام کا معاہدہ بھی طے پایا۔

کرغز پوسٹ اور پاکستان پوسٹ کے درمیان پوسٹل سروسز اور ای کامرس کے شعبے میں تعاون جبکہ کرغزستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان بھی تعاون کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔

دوطرفہ تجارت 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کا عزم

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرغزستان وسطی ایشیا میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے۔ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 16 ملین ڈالر ہے جسے آئندہ دو سال میں 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کا عزم رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ تجارتی حجم دونوں ممالک کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات سے مطابقت نہیں رکھتا، اسے بڑھانا کوئی مشکل کام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی شراکت داری کو عملی اور نتیجہ خیز مرحلے میں لے جانے کے لیے جامع منصوبے پر عمل کیا جائے گا، جس کے تحت تجارتی طریقہ کار بہتر بنانے، مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو فروغ دینے، صنعتی تعاون مضبوط کرنے اور براہ راست کاروباری روابط بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔

ٹرانزٹ ٹریڈ اور علاقائی رابطوں پر توجہ

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا، سفری سہولیات بہتر ہوں گی اور علاقائی رابطوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے چار ملکی راہداری معاہدے پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ، کسٹمز اور انتظامی طریقہ کار کو آسان بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے رابطہ کاری انتہائی اہم ہے۔

کاسا 1000 منصوبے کی بروقت تکمیل پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے شعبے کو دونوں ممالک کی شراکت داری کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کاسا 1000 منصوبے کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی، پن بجلی، متبادل توانائی، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عملی تعاون کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کا قیام خوش آئند ہے۔

تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی میں تعاون

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، صحت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے لاہور اور اوش کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قدیم شہروں کے درمیان تعلقات سے عوامی اور ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

سکیورٹی اور دہشتگردی کے خلاف تعاون بڑھانے کا عزم

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات ہوئی ہے۔ دونوں ممالک دہشتگردی، انتہاپسندی اور دیگر عصری خطرات سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کو وسطی ایشیا میں انتہائی اہم اور قابل قدر شراکت دار تصور کرتا ہے اور دونوں ممالک اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

کرغز صدر کا پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے پر زور

کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو کرغزستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

صدر صادر ژاپاروف نے کہا کہ مختصر عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے مضبوط باہمی اعتماد اور تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرغزستان پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

کرغز صدر کے مطابق معیشت دونوں ممالک کی شراکت داری کا اہم ستون ہے اور ادویہ سازی، زراعت، توانائی، ہلکی مشینری، سیاحت، ڈیجیٹل معیشت اور ورچوئل اثاثوں سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام کیا جا سکتا ہے۔

شہباز شریف کا آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے معروف کرغز اور سوویت ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعظم نے آتا بیئت میموریل کمپلیکس میں یادگار پر بھی پھولوں کی چادر چڑھائی اور وہاں مدفون افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی صدارتی محل آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

دورے کے اختتام پر کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف کو خود گاڑی چلا کر ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button