پاکستانتازہ ترین

مریم نواز نے کرپشن کے خلاف خفیہ سیل قائم کر دیا، گرفتاریاں شروع کرنے کا حکم

کرپشن کی شکایات کیلئے ہیلپ لائن 1350 فعال، شکایت کنندہ کا نام مکمل خفیہ رکھنے کا اعلان

لاہور (بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے کرپشن کی نشاندہی اور کارروائی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف عوامی شکایات کے اندراج کے لیے ہیلپ لائن 1350 بھی فعال کردی گئی ہے۔ مریم نواز شریف نے خفیہ سیل کی رپورٹ براہ راست پیش کرنے اور شکایات کی بنیاد پر گرفتاریاں شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کرپشن کے خلاف کارروائیوں کی ذاتی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہر ترقیاتی منصوبے کے معیار اور اخراجات کا آزادانہ جائزہ لازمی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کرپشن کی شکایات پر مقررہ مدت میں کارروائی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں کہیں کرپشن ہو، رشوت طلب کی جائے یا اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جائے، عوام فوری اطلاع دیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر شکایت پر کارروائی ہوگی جبکہ شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔ عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرسکتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ لوٹی ہوئی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہوگی۔ کرپشن صرف پیسے کی چوری نہیں بلکہ عوام کے حق اور اعتماد کی چوری ہے، جو ہاتھ عوام کے پیسے کی طرف بڑھے گا وہ ہاتھ روکا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام بروئے کار لایا جائے گا۔ عوام کا اعتماد حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور اس پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسیع پیمانے پر فنڈز جاری کیے گئے ہیں، اگر ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئی تو کسی کو معافی نہیں ملے گی۔ جو اچھا کام کرے گا اس کی حوصلہ افزائی کے لیے سی ایم میرٹ بیج ہے، جبکہ کرپشن کرنے والا قانون کے کٹہرے میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ خورد برد کرنے والا ہر شخص سلاخوں کے پیچھے ہوگا اور عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ ہوگا۔ کرپشن کے مقدمات میں عہدہ، تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔

ڈی جی پی آر کی ری اسٹرکچرنگ کا حکم

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) کی ری اسٹرکچرنگ کا حکم بھی دیا اور ادارے کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی آر ہیڈکوارٹرز کی نئی عمارت کی منظوری دیتے ہوئے میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام تک بروقت اطلاعات کی رسائی یقینی بنانے کے لیے دورِ حاضر کے تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن آرٹ سے بڑھ کر سائنس بن چکی ہے، اسے سمجھنا ضروری ہے۔ حکومت ڈی جی پی آر کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہتی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم اطلاعات کی فراوانی کے دور سے گزر رہے ہیں، اس لیے سچ اور جھوٹ کی پرکھ کے لیے عوام کو حکومت کے فلاحی اقدامات سے آگاہ رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی کمیونیکیشن کے شعبے میں کارکردگی کو بھی سراہا۔

پنجاب میں موبائل ویٹرنری ہسپتالوں کا دائرہ وسیع

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کے لیے بھی احساس اور فلاح کا معیار قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے دیہی علاقوں میں مویشیوں کے علاج معالجے کے لیے مکمل موبائل ہسپتال فلیٹ فعال کردیا۔

وزیراعلیٰ نے موبائل ویٹرنری فلیٹ کا افتتاح کیا اور خصوصی تقریب کے دوران جدید موبائل ویٹرنری ڈسپنسری، ویٹرنری لیبارٹری اور ایکسرے یونٹ کا معائنہ کیا۔

انہوں نے لائیوسٹاک کانفرنس کے انعقاد کی ہدایت کی جبکہ ماڈل ویٹرنری ہسپتال کے مجوزہ ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔

بریفنگ کے مطابق مزید 30 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں اور 17 موبائل ویٹرنری لیبارٹریاں شروع کردی گئی ہیں۔ موبائل ویٹرنری ہسپتالوں کے ذریعے دیہی علاقوں میں مویشیوں کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں میں الٹراساؤنڈ اور ایکسرے یونٹ جبکہ موبائل ویٹرنری لیبارٹری میں موقع پر ہی 40 مختلف ٹیسٹ کیے جاسکیں گے۔ موبائل ویٹرنری ہسپتالوں کے ذریعے مویشیوں میں بیماریوں کی اسکریننگ اور سرویلنس بھی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر لائیوسٹاک عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ نے وزیراعلیٰ کو منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 10 ڈویژنل ہسپتالوں میں ایکسرے کی سہولت، 36 اضلاع میں آپریشن تھیٹرز اور لیبارٹریاں جبکہ تحصیل کی سطح پر الٹراساؤنڈ مشینوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

صوبہ بھر میں مویشیوں کے علاج کے لیے فارمرز کے ڈیرے تک رسائی یقینی بنانے کے لیے 6,964 موبائل موٹر بائیک ویٹرنری اسسٹنٹس بھی متحرک کیے جائیں گے۔

پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی ناکام

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button