
تاریخ کے سینے میں کچھ تاریخیں ایسی ہوتی ہیں جو صرف کیلنڈر کا حصہ نہیں رہتیں بلکہ صدیوں تک انسان کو یہ سوچنے پر مجبور کرتی رہتی ہیں کہ عروج کے بعد زوال کیوں آتا ہے۔4 ستمبر 476ء بھی ایسی ہی ایک تاریخ ہے۔ایک زمانہ تھا جب روم صرف ایک شہر کا نام نہیں تھا۔
روم ایک طاقت،ایک نظام اور ایک ایسی سلطنت کی علامت تھا جس کی حدود یورپ سے لے کر بحیرہ روم اور شمالی افریقہ تک پھیلی ہوئی تھیں۔اس کے قوانین،سڑکیں،فوج،تعمیرات اور انتظامی نظام نے دنیا کی تاریخ پر گہرے نقوش چھوڑے۔لیکن ہر طاقت کی طرح روم بھی ہمیشہ طاقتور نہیں رہ سکا۔پانچویں صدی عیسوی تک مغربی رومی سلطنت اندرونی سیاسی کشمکش،معاشی مشکلات،فوجی کمزوری اور بیرونی حملوں کے دباؤ میں آچکی تھی۔
مختلف قبائل سابقہ رومی علاقوں میں مضبوط ہورہے تھے اور سلطنت کے اندر بھی اقتدار مسلسل ہاتھ بدل رہا تھا۔روم کا زوال کسی ایک دن یا ایک ہی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ طویل عرصے تک جاری رہنے والے کئی بحرانوں کا نتیجہ تھا۔پھر تاریخ نے 476ء کا وہ دن دیکھا۔اس وقت مغربی رومی تخت پر رومولس آگسٹولس نامی نوجوان حکمران موجود تھا۔اس کا اقتدار بھی مضبوط بنیادوں پر قائم نہیں تھا۔دوسری طرف ایک جرمن فوجی سردار اوڈوایسر طاقت حاصل کرچکا تھا۔
اس نے رومی فوجی قیادت کے خلاف کامیابی حاصل کی اور بالآخر4 ستمبر476ء کو رومولس آگسٹولس کو تخت سے ہٹادیا۔رومولس کو قتل نہیں کیا گیا بلکہ اسے کیمپانیا بھیج دیا گیا جہاں اسے محدود حالات میں زندگی گزارنے دی گئی۔اوڈوایسر نے خود مغربی رومی شہنشاہ کا تاج پہننے کے بجائے اٹلی کا بادشاہ بننے کا راستہ اختیار کیا۔
یہ واقعہ اس لحاظ سے بھی عجیب تاریخی اتفاق رکھتا ہے کہ رومولس کا نام روم کے افسانوی بانی سے جڑا ہوا تھا جبکہ آگسٹولس کا نام روم کے پہلے شہنشاہ آگسٹس کی یاد دلاتا تھا۔گویا تاریخ نے اپنے ایک باب کو اسی نام کی بازگشت کے ساتھ بند کیا۔تاہم سوال یہ ہے کہ کیا واقعی4 ستمبر476ء کو روم ختم ہوگیا تھا؟جواب اتنا سادہ نہیں۔مغربی رومی سلطنت کا سیاسی ڈھانچہ اس دن ایک بڑی علامتی شکست سے دوچار ہوا لیکن رومی ادارے،ثقافت،قوانین اور سیاسی اثرات اچانک ختم نہیں ہوئے۔
مشرق میں رومی سلطنت بدستور قائم رہی اور بعد میں جسے بازنطینی سلطنت کہا گیا وہ کئی صدیوں تک موجود رہی۔بعض مورخین مغربی سلطنت کے حقیقی اختتام کے لیے480ء کو بھی اہم سمجھتے ہیں۔لیکن476ء تاریخ میں اس لیے اہم ہے کہ اس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ کوئی بھی سلطنت اپنی طاقت،دولت اور ماضی کی عظمت کے سہارے ہمیشہ قائم نہیں رہ سکتی۔روم کے زوال میں صرف بیرونی دشمنوں کا ہاتھ نہیں تھا۔
باہر سے آنے والے حملہ آور تب ہی کامیاب ہوئے جب اندر سے سلطنت کمزور ہوچکی تھی۔سیاسی انتشار،اقتدار کی لڑائیاں،معاشی دباؤ،انتظامی مسائل اور فوجی نظام کی کمزوری نے اس عظیم سلطنت کی بنیادوں کو پہلے ہی ہلا دیا تھا۔یہی تاریخ کا سب سے بڑا سبق ہے۔قومیں صرف سرحدوں سے نہیں بنتیں بلکہ اداروں سے بنتی ہیں۔ریاستیں صرف فوج سے نہیں چلتی بلکہ انصاف،معیشت،نظم ونسق اور عوام کے اعتماد سے مضبوط ہوتی ہیں۔
جب ریاست کے اندر اعتماد ختم ہونے لگے،ادارے کمزور پڑ جائیں،قیادت ذاتی مفادات میں تقسیم ہوجائے اور معاشرہ اپنی اجتماعی ذمہ داری بھول جائے تو باہر سے آنے والا معمولی دباؤ بھی بڑے بحران کو جنم دے سکتا ہے۔روم کی کہانی ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ زوال اکثر اچانک دکھائی دیتا ہے لیکن حقیقت میں وہ برسوں پہلے شروع ہوچکا ہوتا ہے۔4 ستمبر476ء کو شاید روم ایک ہی لمحے میں نہیں گرا تھا،اس دن صرف دنیا نے اس زوال کو تاریخ کے ایک واضح باب کی شکل میں دیکھ لیا تھا۔
اور شاید یہی ہر عروج کی سب سے بڑی آزمائش ہے کہ جب انسان ماضی کی عظمت پر فخر کرنے کے بجائے موجودہ کمزوریوں کو دیکھنا چھوڑ دے تو زوال کا سفر شروع ہوجاتا ہے۔روم ختم ہوا لیکن روم کی کہانی ختم نہیں ہوئی۔اس کے قوانین،فن تعمیر،زبانیں،سیاسی تصورات اور تہذیبی اثرات آنے والی صدیوں میں زندہ رہے۔تاریخ کا یہی کمال ہے کہ سلطنتیں مٹ جاتی ہیں مگر ان کے تجربات آنے والی نسلوں کے لیے آئینہ بن جاتے ہیں۔4 ستمبر476ء ہمیں آج بھی یہی آئینہ دکھاتا ہے کہ طاقت ہمیشہ نہیں رہتی مگر طاقت کے استعمال کا انجام تاریخ ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔



