انٹر نیشنلتازہ ترینتعلیم/ادب

امریکہ: اے آر کے انیشیٹو کےزیراہتمام سیرتِ النبی ؐکی اہمیت پر فکری نشست

 

ہیوسٹن: (نمائندہ وائس آف نیشنز) اے آر کے انیشیٹو (ARK Initiative) کے زیراہتمام ’’موجودہ دور کے امریکہ میں سیرتِ النبیؐ کی اہمیت کے موضوع پر ایک خصوصی فکری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز مسلم مفکرین، دانشوروں اور ماہرین نے شرکت کی۔

نشست میں ڈاکٹر حسن عباس، ڈائریکٹر و پروفیسر نیئر ایسٹ ساؤتھ ایشیا (NESA) سینٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز، واشنگٹن ڈی سی، ڈاکٹر پیام محسن، ہارورڈ ڈیویونٹی اسکول سے وابستہ محقق و دانشور، اور بین الاقوامی سطح پر معروف عالمِ دین اور امریکن مسلم یوتھ نیٹ ورک (AMYN) کے بانی سید جواد قزوینی نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

فکری نشست کے دوران جدید امریکی معاشرے کو درپیش اخلاقی، سماجی اور ثقافتی چیلنجز کے تناظر میں سیرتِ طیبہ ؐکی اہمیت اور افادیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ رسول اکرم حضرت محمدؐ کی حیاتِ مبارکہ اور تعلیمات کسی مخصوص زمانے یا خطے تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔

شرکاء نے کہا کہ موجودہ دور میں ناانصافی، نسلی امتیاز، سماجی تقسیم اور اخلاقی مسائل کے مقابلے میں سیرتِ نبوی ؐکے اصول انسانیت کو عدل، مساوات اور اعلیٰ اخلاق کی طرف رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔سید جواد قزوینی نے نوجوان نسل کی کردار سازی اور مسلم شناخت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ نبوی ؐکی تعلیمات سے استفادہ کرتے ہوئے مسلمان نوجوانوں کو اپنی دینی و اخلاقی اقدار برقرار رکھتے ہوئے امریکی معاشرے میں مثبت، تعمیری اور فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار کیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر حسن عباس اور ڈاکٹر پیام محسن نے اپنے علمی، اکیڈمک اور اسٹریٹجک تجربات کی روشنی میں سیرتِ نبوی ؐمیں موجود عدل، رواداری، برداشت اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کو عصرِ حاضر کی ضرورت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی اور امریکی معاشرے میں بڑھتی ہوئی تقسیم اور کشیدگی کے ماحول میں سیرتِ نبویؐ بین المذاہب مکالمے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سیرتِ رسول ؐکے عالمگیر پیغام کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق علمی اور فکری انداز میں نئی نسل اور وسیع تر امریکی معاشرے تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء اور حاضرین نے اے آر کے انیشیٹو کی جانب سے اس اہم فکری نشست کے انعقاد کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ سیرتِ النبی ؐکے عالمگیر پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے علمی و فکری مکالموں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رہنا چاہیے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button