پاکستانتازہ ترین

انسانیت کی بھلائی کیلئے کام کرنے والوں کے ساتھ ہوں: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

غریب اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار جاری رکھوں گا، فتح جنگ میں فری آئی ہسپتال کے افتتاح پر خطاب

لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ انسانیت کی بھلائی اور فلاح کے لیے کام کرنے والے ہر ادارے کے ساتھ کھڑا ہوں، جبکہ پیپلز پارٹی کے کارکن سیاست کے ساتھ ساتھ خدمتِ خلق کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع اٹک کے علاقے فتح جنگ میں فری آئی ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہسپتال کے قیام سے آنکھوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت علاج کی سہولت میسر آئے گی، جس سے علاقے کے غریب اور مستحق افراد کو خصوصی فائدہ ہوگا۔

فتح جنگ اور اٹک کے عوام کو اسلام آباد، راولپنڈی نہیں جانا پڑے گا

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ عام شہری کو صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ غریب اور پسماندہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ فری آئی ہسپتال کے قیام کے بعد فتح جنگ اور اٹک کے شہریوں کو آنکھوں کے علاج کے لیے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس کے کارکن سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ پارٹی نے ہمیشہ غریب، مزدور، کسان اور محنت کش طبقے کی فلاح کے لیے منصوبے متعارف کرائے ہیں۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی: گورنر پنجاب

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک ایسا ادارہ ہے جس کی کارکردگی کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت میں آنے کے بعد ایسے مزید منصوبے متعارف کرائے گی جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح تاریخ رقم کریں گے۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ وہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر انسانی خدمت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مہنگائی کی وجہ سے غریب اور پسے ہوئے طبقات سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے مستحق افراد کو ریلیف اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button