پاکستانتازہ ترین

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک، خضدار میں 18 مزدور اغوا

کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد؛ نال میں ماربل فیکٹری پر حملے کے دوران ایک مزدور زخمی، مغویوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع

راولپنڈی، کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ خضدار کے علاقے نال میں نامعلوم مسلح افراد نے ماربل فیکٹری پر حملہ کرکے 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا۔ فیکٹری پر حملے کے دوران ایک مزدور زخمی ہوا، جبکہ مسلح افراد دو گاڑیاں اور ایک لوڈر بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 17 اکتوبر کو بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں۔ پنج پائی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی جانب سے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم قرار دیے گئے 5 دہشتگرد ہلاک اور ان کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ دوسری جانب خضدار میں ایک اور آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔ اس کارروائی میں 490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشتگردی مہم جاری رہے گی اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

خضدار میں ماربل فیکٹری پر حملہ، 18 مزدور اغوا

دوسری جانب ضلع خضدار کے دور دراز علاقے نال میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک ماربل فیکٹری پر حملہ کرکے وہاں کام کرنے والے 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا۔ واقعہ خضدار شہر سے تقریباً 35 سے 40 کلومیٹر دور بیسار پہاڑی کے قریب پیش آیا، جہاں نیشنل پارٹی کے سابق صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو اور ان کے بیٹے شاہ میر بزنجو کی ماربل فیکٹری واقع ہے۔

فیکٹری انتظامیہ کے مطابق ہفتے کی رات درجنوں مسلح افراد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر فیکٹری میں داخل ہوئے اور وہاں موجود مزدوروں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ اس دوران ایک مزدور نے فرار ہونے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے اس پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ ٹانگ میں گولی لگنے کے باعث زخمی ہو گیا۔

زخمی مزدور کی شناخت راشد کے نام سے ہوئی ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اغوا کیے گئے مزدوروں کا تعلق خضدار کے مختلف علاقوں سے ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور فیکٹری سے دو گاڑیاں اور ایک لوڈر بھی لے کر فرار ہو گئے۔ تاحال کسی مسلح گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق مغوی مزدوروں کی جلد بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button