جھنگ ڈیزرٹ جیپ ریلی،سٹاک کیٹیگری میں رب نواز نے میدان مار لیا
ویمن کیٹگری مقابلوں میں عمبرین فراز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ سے پوڈیم پر جگہ بنائی


جھنگ:(رپورٹ: حافظ محمد صالح) صحرائے تھل میں منعقد ہونے والی پہلی جھنگ ڈیزرٹ جیپ ریلی کے اسٹاک کیٹگری کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں میں رب نواز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
انہوں نے 78 کلومیٹر کا دشوار گزار فاصلہ 59 منٹ 20 سیکنڈ میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔اسٹاک کیٹیگری کے مقابلوں میں سخت مسابقت دیکھنے میں آئی، جہاں راشد گورایہ نے انتہائی کم فرق سے دوسری پوزیشن حاصل کی، وہ فاتح رب نواز سے صرف چار سیکنڈ پیچھے رہے جبکہ سلطان بہادر عزیز نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا۔

جھنگ کی تحصیل 18 ہزاری کے علاقے رحمت آباد میں منعقد ہونے والی پہلی جھنگ ڈیزرٹ جیپ ریلی کے وومن کیٹگری مقابلوں میں عمبرین فراز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوڈیم پر جگہ بنائی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
پہلی جھنگ ڈیزرٹ ریلی کے ان مقابلوں نے شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کی جبکہ ڈرائیورز کی مہارت، رفتار اور اعصاب پر قابو رکھنے کی صلاحیت نے ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔ ریلی کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ڈرائیورز کی کامیابی نے موٹر اسپورٹس کے فروغ کے حوالے سے بھی مثبت پیغام دیا۔

صحرائے تھل میں پہلی بار منعقد ہونے والی اس جیپ ریلی کیلئے95 کلومیٹر طویل ٹریک تیار کیا گیا ، جس میں ملک بھر سے خواتین سمیت 100 کے قریب نامور ڈرائیورز اور رائڈرز نے شرکت کی۔ پنجاب کی علاقائی سیاحت کو فروغ دینے کی پالیسی کے تحت منعقد کی جانے والی پہلی جھنگ ڈیزرٹ جیپ ریلی ،چولستان اور تھل ریلی کے بعد آف روڈ موٹر اسپورٹس کے کیلنڈر میں ایک زبردست اور مستقل اضافہ ہے۔جھنگ کی ضلعی انتظامیہ نے 16 سے 18 اکتوبر 2026ءتک پہلے “جھنگ ڈیزرٹ ریلی اینڈ کلتورل فیسٹیول” کا انعقاد کیا۔
اس تین روزہ ایونٹ میں سنسنی خیز آف روڈ ریسنگ کے ساتھ ساتھ روایتی کھیل اور ثقافتی سرگرمیاں بھی پیش کی گئیں۔واضح رہے کہ ضلع جھنگ تقریباً 6 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط تھل کے صحرائی خطے کا حامل ہے اور دریائے چناب اور جہلم کا سنگم بھی اسی علاقے میں ہوتا ہے۔



