
لاہور، اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر): پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کا آغاز آج اتوار سے ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز دوپہر ایک بجے شروع ہوں گے، جبکہ ایونٹ میں مجموعی طور پر سات میچز کھیلے جائیں گے۔
ٹرائی سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں جبکہ اگلے چار میچز لاہور میں منعقد ہوں گے۔ سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جس میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔ تیسرے میچ میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔
ٹرائی سیریز کے میچز کہاں دیکھے جا سکیں گے؟
پاکستان میں ٹرائی سیریز کے میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر نشر کیے جائیں گے، جبکہ تماشہ اور ٹیپ میڈ پر بھی میچز کی لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔ پی سی بی لائیو ایپ کے ذریعے پاکستان، برطانیہ، افریقہ، کیریبیئن، یورپ اور شمالی امریکا سمیت مختلف خطوں میں میچز دیکھے جا سکیں گے۔ ایونٹ کے میچز دنیا کے دیگر حصوں میں بھی نشریات اور اسٹریمنگ کے ذریعے دستیاب ہوں گے۔
معروف کمنٹیٹرز بھی ایکشن میں ہوں گے
ٹرائی سیریز کے دوران انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر مارک بچر کے ساتھ عروج ممتاز خان، عامر سہیل اور روشن ابھے سنگھے کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
تینوں ٹیموں کے کپتان جیت کے لیے پرعزم
پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بطور کپتان ان کا ہدف کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی حاصل کرنا ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کے اسکواڈ کا کمبی نیشن اچھا ہے اور قومی ٹیم سیریز جیتنے کے لیے پُرامید ہے۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ ان کی ٹیم ون ڈے کرکٹ میں مسلسل فتوحات حاصل کرنا چاہتی ہے۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشال مینڈس نے ٹرائی سیریز کو اپنی ٹیم کے لیے ایک اہم چیلنج قرار دیا۔
تینوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ فائنل تک رسائی کے لیے ہر میچ اہمیت کا حامل ہوگا۔



