اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے اور تمام مراحل کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ڈسکوز کی نجکاری پر اعلیٰ سطحی اجلاس
وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری اور نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈسکوز کی نجکاری کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ نجکاری کمیشن میں جاری اصلاحات اور تنظیم نو کا عمل ایک ماہ میں مکمل کیا جائے، جبکہ عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور آئی ٹی ماہرین کو ادارے کا حصہ بنایا جائے تاکہ نجکاری کا عمل مزید شفاف اور مؤثر ہو۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو اولین ترجیح دی جائے اور شکایات کے ازالے کے لیے مضبوط نظام تشکیل دیا جائے۔
ایران کے ساتھ تجارت اور علاقائی امن پر گفتگو
بعد ازاں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک کی سربراہی میں وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں بھی تجارت، علاقائی تعاون اور امن کے فروغ پر مثبت تبادلہ خیال ہوا۔
سرحدی تجارت اور کان کنی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
ملاقات میں دونوں ممالک نے سرحدی تجارت کو فروغ دینے، بارڈر کراسنگ کو 24 گھنٹے فعال بنانے، لاجسٹکس اور کسٹمز نظام میں بہتری لانے اور کان کنی، بالخصوص قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ایرانی وزیر سید محمد اتابک نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، جبکہ آزاد تجارتی معاہدے پر تکنیکی سطح پر مذاکرات بھی جاری ہیں۔
جائیکا کے تعاون کو سراہا
وزیراعظم شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو کی سربراہی میں وفد نے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ سات دہائیوں پر محیط شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی استحکام کی جانب اہم پیش رفت کی ہے اور اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعظم کے مطابق گزشتہ تین برسوں میں سرکاری محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ نوجوانوں کو فنی تربیت، خواتین کو بااختیار بنانے، معدنیات کے شعبے کی ترقی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
گورنر سندھ سے بھی ملاقات
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے بھی ملاقات کی، جس میں سندھ سے متعلق امور اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



