مردان (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے مردان میں ایک بڑے عوامی جلسے کے ذریعے سیاسی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا، جہاں پارٹی قیادت نے عمران خان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر سخت تنقید کی۔
ریلوے گراؤنڈ مردان میں منعقدہ اس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مردان کے لیے 50 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پیکیج میں سڑکوں، تعلیم، صحت، آبپاشی اور دیگر بنیادی شعبوں کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ہر ویلج کونسل اور یونین کونسل میں ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے، جی ڈی پی میں کمی، برآمدات میں تنزلی اور قومی قرضے میں اضافے نے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اور ان کے خاندان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، تاہم عمران خان اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور کبھی جھکیں گے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مردان کے عوام نے جلسے میں شرکت کر کے واضح پیغام دیا ہے کہ عمران خان آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ 25 اپریل کو پارٹی یومِ تاسیس کے موقع پر کشمیر جائیں گے جبکہ 26 اپریل کو لاہور میں سیاسی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
جلسے سے اسد قیصر، بیرسٹر گوہر، جنید اکبر، عاطف خان، شاندانہ گلزار، حلیم عادل شیخ اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
اسد قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں اور ان کی مقبولیت کم نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ “ناجائز حکومت زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی، ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔”
جلسہ گاہ میں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ کئی افراد سڑکوں اور عمارتوں کی چھتوں پر کھڑے ہو کر خطاب سنتے رہے، جسے پارٹی قیادت نے عوامی حمایت کا واضح ثبوت قرار دیا۔



