لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں جدید ڈیری فارمنگ اور دودھ کی پراسیسنگ کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے چین کے اشتراک سے ملک اور ڈیری پراسیسنگ پراجیکٹ قائم کرنا چاہتے ہیں، جبکہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں جاری مختلف منصوبوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے دورے کے دوران سنکیانگ میں معروف ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ان کا وفد سمیت پرتپاک استقبال کیا گیا۔
مریم نواز کا ڈیری کمپنی کے مختلف شعبوں کا دورہ
ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس کے حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب کو کمپنی کی سرگرمیوں اور جدید ڈیری فارمنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز شریف نے ڈیری ورکس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور دودھ کی پراسیسنگ کے مراحل کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کمپنی چین کے مختلف علاقوں میں جدید ترین ڈیری فارمنگ کے حوالے سے کام کر رہی ہے، جبکہ فارمز پر مویشیوں کی پرورش حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق کی جاتی ہے۔
کمپنی میں دودھ، دہی اور دیگر ملک پروڈکٹس کی جدید طریقوں سے پراسیسنگ کی جاتی ہے۔ مریم نواز شریف نے ملک پروسیسنگ کے مختلف مراحل کا ڈیجیٹل معائنہ بھی کیا۔
پنجاب میں لائیو اسٹاک منصوبوں کے مثبت نتائج
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں لائیو اسٹاک کے شعبے میں بہتری اور فروغ کے لیے جاری منصوبے نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کی مالی خودمختاری اور مویشیوں کی افزائشِ نسل کے لیے خصوصی منصوبے کامیابی سے جاری ہیں، جبکہ مویشیوں کو فربہ کرکے میٹ پروڈکشن کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین کے اشتراک سے پنجاب میں ملک اور ڈیری پراسیسنگ کا منصوبہ قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شین جیانگ وایغور خودمختار علاقائی کمیٹی اور پارٹی سیکرٹری و پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کورپس (XPCC) کے پولیٹیکل کمشنر ہی ژونگ یو سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان اقتصادی ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 150 سالہ تقریب پر مبارکباد دی، جبکہ پاک چین تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران میڈیکل، زراعت، معیشت اور کاروباری امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ عوامی سطح پر پیپل ٹو پیپل ایکسچینج پروگرام کے فروغ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی طلبہ کے لیے تکنیکی معاونت کی تجویز
مریم نواز شریف نے پاکستانی طلبہ کے لیے آن لائن تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا۔
دونوں جانب سے پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پانی کی کمی کا شکار علاقوں میں بہتر فصلوں کے حصول کے لیے واٹر ایفیشنٹ ٹیکنالوجی، ڈرپ اریگیشن اور عمدہ بیج کے شعبوں میں باہمی تعاون کی پیشکش بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ قحط زدہ اور خشک علاقوں میں جدید سائنسی طریقہ کار کے ذریعے پانی کی کمی پر قابو پانے کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہے: مریم نواز
مریم نواز شریف نے ارمچی میں چھٹے بین الاقوامی میڈیا ٹور کے اقدام کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہونے کا قابلِ قدر اعزاز حاصل ہے۔ مؤثر اقدامات اور بہتر گورننس کے ذریعے غربت اور محرومی کے خاتمے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آبی ذخائر کے تحفظ کے لیے پنجاب کے مختلف علاقوں میں چین کے اشتراک سے پائلٹ پراجیکٹس شروع کیے جا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قابلِ تجدید توانائی کے شعبے پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں تکنیکی تعلیم کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔
پمز ہسپتال میں نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے غمزدہ والدین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کا جاں بحق ہونا انتہائی تکلیف دہ اور دردناک واقعہ ہے۔
مریم نواز شریف نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں آگ بجھانے والے آلات کی موجودگی اور ان کی فعالیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔


