راولپنڈی، اسلام آباد (ویب ڈیسک ) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کرکے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 6دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس آپریشن میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم برآمد کر لئے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد علاقے میں تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پنجگور کے علاقے میں دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی انتھک مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ ادھر صدر مملکت آصف زرداری نے پنجگور میں فتن الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کو ہلاک کرنا ملک میں امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ فتن الہندوستان اور اس کے سہولت کار پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کے خلاف ریاستی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کو منطقی انجام تک پہنچایا جاءے گا۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 6دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔



