سیکرٹری مائنزبلوچستان سیدال لونی کی جاپانی قونصل جنرل سے ملاقات
معدنی شعبے کی ترقی صوبائی معیشت کومضبوط اور روزگار کے مواقع پیدا کر سکتی ہے: سید ندیم عالم شاہ
کوئٹہ:(وی او این) محکمہ مائنز اینڈ منرلز ڈویلپمنٹ، بلوچستان کے سیکرٹری سیدال خان لونی نے جاپان کے اعزازی قونصل جنرل برائے بلوچستان سید ندیم عالم شاہ سے ملاقات کی۔
جاپان قونصلیٹ کوئٹہ میں ہونے والی ملاقات میں بلوچستان کے معدنی وسائل کی اہمیت اور مائننگ کے شعبے میں ترقی کے امکانات کو اُجاگر کرنے ، مائننگ سیکٹر میں سرمایہ کاری ، باہمی تعاون کے امکانات،پاکستان اورجاپان کے دوطرفہ تعلقات کا فروغ،تجارت ، سرمایہ کاری ، موسمیاتی تبدیلی، توانائی،انفار میشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی) ، ٹیکنیکل ایجو کیشن ،پاکستانی نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے ،مصنوعی ذہانت (اے آئی) ، سائبر سیکورٹی اورصحت کے شعبوں میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مائننگ کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، معدنی وسائل کی مو ثر منصوبہ بندی اور اس شعبے میں ترقی کے امکانات کو بروئے کار لانے کی اہمیت بھی زیربحث آئی ۔ملاقات میں اس امر کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ معدنی شعبے کی ترقی کیلئے باہمی روابط اور تعاون کو فروغ دیا جائے، تاکہ بلوچستان کے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جہاں معدنی شعبے کی ترقی صوبائی معیشت کے استحکام، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہے، بلوچستان میں مائننگ کا شعبہ صوبے کی معاشی ترقی کیلئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، معدنی وسائل کی بہتر منصوبہ بندی، جدید طریقہ ہائے کار کے فروغ اور متعلقہ شعبوں کے درمیان تعاون کو وسعت دیکر اس شعبے کی استعداد سے زیادہ مو ثر انداز میں استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
سیکرٹری محکمہ مائنز اینڈ منرلز ڈویلپمنٹ بلوچستان سیدال خان لونی جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ کو اپنے والد عبدالعزیز خان لونی کی (برٹش بلوچستان) کے نام سے مشہور کتاب پیش کی اور بعد ازاں جاپان قونصلیٹ کوئٹہ میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔



