پاکستانتازہ ترین

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی اور مشترکہ دفاع کا عکاس ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی اور مشترکہ دفاع کے عزم کا عکاس ہے۔ پاکستان اور ترکیہ دو جان، ایک قالب ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران جب پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی تو ترکیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا اور کھل کر حمایت کی۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار ترکیہ کے 103ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اسلام آباد میں ترک سفیر کی رہائش گاہ پر منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی، تجارتی، تعلیمی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کا مظہر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ نے غازی مصطفیٰ کمال پاشا اور دیگر قائدین کی قیادت میں جمہوریہ کی بنیاد رکھی اور آج دفاعی ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات قیام پاکستان سے بھی قدیم ہیں اور ان کی بنیاد مشترکہ تاریخ، اخوت اور باہمی احترام پر قائم ہے۔

انہوں نے تحریک خلافت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ برصغیر کی خواتین نے اس تحریک کے دوران اپنے زیورات تک پیش کیے۔ بعدازاں جب پاکستان زلزلے اور تباہ کن سیلابوں جیسی قدرتی آفات سے دوچار ہوا تو ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جبکہ ترک خاتون اول امینہ اردوان نے متاثرین کی امداد کے لیے اپنا ہار پیش کیا۔ ترک عوام نے بھی انقرہ، استنبول اور اناطولیہ سمیت مختلف علاقوں میں پاکستانی متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور جذبے کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تحریک خلافت سے لے کر قدرتی آفات اور معرکہ حق تک پاکستان اور ترکیہ نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ دونوں ممالک دفاع، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی میں استنبول کے دورے کے دوران کراچی میں طیب اردوان اکنامک زون کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اس موقع پر ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اولو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی قومیں تاریخی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی رہی ہیں۔ پاکستان کو پہنچنے والی تکلیف کو ترکیہ بھی محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا مقصد تاریخی تعلقات کو ایک پائیدار اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنا ہے، جس کی نمایاں مثال مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ہے۔

ترک سفیر نے تقریب کے دوران ترک صدر کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ تقریب کے آغاز میں پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ مہمانوں نے مشترکہ طور پر کیک کاٹا۔ عشائیے میں موسیقی کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا، جسے شرکاء نے سراہا۔

لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی توسیع کی منظوری

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستانی ایئرپورٹس پر مسافروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی آسانی و سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ملک کے بڑے شہروں کے ہوائی اڈوں کی توسیع اور سفری سہولیات بہتر بنانے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے ایک بین الاقوامی فرم کے ذریعے مکمل کیے گئے سروے کے نتائج پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ توسیعی منصوبوں اور مسافروں کی سہولیات میں بہتری کے لیے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سفری سہولیات کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔

شہباز شریف نے ایئرپورٹس پر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے والے افسران اور عملے کی باقاعدہ تربیت پر بھی زور دیا تاکہ سروس ڈلیوری کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہوائی اڈوں پر کام کرنے والے مختلف اداروں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنایا جائے اور مسافروں کو بہتر خدمات کی فراہمی ہر حال میں یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے کھانے پینے کی اشیا کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کے لیے بہترین کیٹرنگ سروسز فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہوائی اڈوں پر سہولیات کی بہتری، معیاری خدمات اور مسافروں کے اطمینان کو حکومتی ترجیحات میں نمایاں مقام حاصل ہے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button