پاکستانتازہ ترین

بلاول بھٹو زرداری کا نظام کے جمہوری ری سیٹ پر زور

حکومت اور اپوزیشن میں اعتماد کا فقدان، اپوزیشن انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ بنے، چیئرمین پیپلز پارٹی

لاہور،ملتان (ویب ڈیسک): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملکی نظام کو نئے سرے سے ترتیب دینے کا عمل جمہوری طریقے سے ہونا چاہیے، اور اس کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے۔

ملتان میں "میٹ دی پریس” سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر بھروسہ نہیں کرتیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان بھی اعتماد کی کمی موجود ہے۔

انتخابی اصلاحات پر بلاول بھٹو کا مؤقف

بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ بننا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات اور انتخابی نظام پر عوامی اعتماد کی بحالی کے بغیر انتخابات ہوں یا ریفرنڈم، ان پر تنازع برقرار رہے گا۔

"تمام فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہئیں”

چیئرمین پیپلز پارٹی نے زور دیا کہ ملک سے متعلق ہر فیصلہ پارلیمان میں کیا جائے۔ ان کے مطابق پارلیمان سے باہر ہونے والے فیصلے نہ حتمی ہوں گے اور نہ ملک کے لیے سودمند ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے پاکستان ہتھیاروں کے ذریعے نہیں بلکہ جمہوری جدوجہد سے حاصل کیا تھا۔

مہنگائی اور معاشی مشکلات

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک اس وقت کسی قدرتی آفت کی زد میں تو نہیں، لیکن معاشی مسائل ضرور موجود ہیں۔ سیاست دانوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کے سامنے اصل صورتحال رکھیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ معاشی بحران حالات کو سنوارنے کے بجائے مزید بگاڑ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، غربت، بے روزگاری، اشیائے خور و نوش اور پٹرول کے اخراجات اور بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ دوسری جانب ڈی اے پی کھاد کے مسائل اور مہنگے ڈیزل نے کسانوں کو بھی پریشان کر رکھا ہے۔

صحافیوں کے کردار پر گفتگو

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستانی صحافی ملک کی طاقت ہوا کرتے تھے اور ان کا قلم حکومتیں بنانے اور گرانے کی قوت رکھتا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی حکومت کو گرانا نہیں چاہتے، بلکہ خواہش مند ہیں کہ صحافت اقتدار میں بیٹھے افراد کو آئینہ دکھائے۔

ان کے بقول اگر سیاست دانوں کی طرح صحافی بھی صرف تعریفوں تک محدود ہو جائیں تو بہتری نہیں آ سکتی۔ صحافیوں کو تعمیر و اصلاح کے لیے تنقید کرنی چاہیے تاکہ سیاست دان بہتر فیصلے کر سکیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button