لاہور (بیورو چیف) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت نے برآمدی کاروبار پر سپر ٹیکس مکمل ختم کردیا ہے، جبکہ 50 کروڑ روپے سے زائد منافع کمانے والے غیر برآمدی کاروبار پر سپر ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے کم کرکے 8 فیصد کردی گئی ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت صنعتکاری کے فروغ، بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی، کاروباری لاگت میں کمی اور نجی شعبے کو آسان شرائط پر فنانسنگ کی فراہمی کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔
مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے نئی پالیسیاں
ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم، سولر پینلز، موبائل فون مینوفیکچرنگ، الیکٹرک وہیکلز، زرعی آلات، کھاد اور آٹو موبائل سمیت مختلف شعبوں کے لیے نئی پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ملک میں مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا اور درآمدات پر انحصار کم کرنا ہے۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ نئی آٹو پالیسی بھی حتمی مراحل میں ہے، جس میں الیکٹرک دو، تین اور چار پہیوں والی گاڑیوں کے لیے خصوصی مراعات شامل ہوں گی۔
نئی صنعتی پالیسی وزیراعظم کی منظوری سے تیار
ہارون اختر خان نے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی وزیراعظم کی منظوری سے تیار ہوچکی ہے، جس میں بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی، کاروباری اداروں کو غیر ضروری ہراسانی سے تحفظ، آسان فنانسنگ اور کاروباری تنازعات کے فوری حل کے لیے خصوصی اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمرشل کورٹس، دیوالیہ پن اور کاروباری اداروں کی تنظیم نو کے لیے بھی مؤثر نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور نجی شعبے کے اعتماد میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
لاہور چیمبر میں کاروباری برادری سے خطاب
اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمان سہگل نے وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کا خیرمقدم کیا۔
تقریب میں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، سابق صدر لاہور چیمبر و سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار، سابق صدر لاہور چیمبر طاہر جاوید ملک، سابق سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، وفاقی سیکرٹری انڈسٹریز سیف انجم، چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا نادیہ جہانگیر سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔
معاشی اشاریوں میں بہتری حوصلہ افزا ہے: فہیم الرحمان سہگل
صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں حالیہ عرصے کے دوران بعض مثبت اشاریے سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، ترسیلات زر میں اضافے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور اسٹاک مارکیٹ کی مثبت کارکردگی کو حوصلہ افزا قرار دیا۔
فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ بہتر معاشی فیصلوں اور پالیسیوں کے تسلسل سے ملک میں سرمایہ کاری، صنعتی پیداوار، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
کاروباری برادری کو نئی صنعتی پالیسی سے امیدیں
صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ کاروباری برادری کو نئی صنعتی پالیسی سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بالخصوص بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور دیگر غیر ضروری انفورسمنٹ اختیارات کو محدود کرنے کے حوالے سے اقدامات کاروباری اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔



