پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

پاک فوج کی مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں کارروائیاں، 36 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ کے علاقے شعبان میں 26، مستونگ میں 6 خوارج مارے گئے، 72 گھنٹوں میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 48 ہوگئی

 

 

کوئٹہ:(نیٹ نیوز ) پاک فوج نے 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں بھرپور کارروائیوں کے دوران ہندوستانی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد گولہ بارود کے ذخیرے اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کو موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔

ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع کوئٹہ کے علاقہ شعبان میں کیا گیا، جس میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے 26 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

قلات میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور دو ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو بھارتی اسپانسر دہشت گردوں کو مار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسی، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشت گردوں کوہلاک کیا گیا جبکہ 2026ء میں آپریشنز کے دوران 1188 سے زائد دہشت گردوں کو بلوچستان میں مارا جاچکا ہے۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کے آپریشنز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔

وزیراعظم کا 36 دہشت گردوں کی ہلاکت پر پاک فوج کو خراج تحسین

وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اور 36 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پاک فوج کے پیشہ ورانہ عزم کی تعریف کرتے ہوئے انہیں شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے والی سیکیورٹی فورسز پوری قوم کا فخر ہیں، ​سال 2026ء کے دوران اب تک بلوچستان میں 1188 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ ریاست کے غیر متزلزل عزم اور سیکیورٹی فورسز کی برتری کا منہ بولتا ثبوت ہے، وژن "عزمِ استحکام” کے تحت ملک دشمن عناصر کے خلاف آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا اور پاکستان کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا، محسن نقوی نے کہا کہ مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں کامیاب کارروائیوں میں 36 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button