
کائنات میں اگر محبت کی کوئی ایسی صورت ہے جس کی کوئی مثال نہیں، تو وہ ماں کی ممتا ہے۔ یہ وہ جذبہ ہے جسے لفظوں میں قید کرنا ایسے ہی ہے جیسے سمندر کو کوزے میں بند کرنے کی کوشش کی جائے۔ ممتا دراصل قدرت کا ایک خاص عطیہ ہے، جو خالقِ کائنات نے ماں کی فطرت میں رکھ دیا ہے، تاکہ وہ اپنا آرام، اپنی نیند اور اپنی خوشیاں بھول کر اولاد کی پرورش، راحت اور بھلائی کے لیے خود کو وقف کر دے۔ یہ جذبہ صرف انسانوں تک محدود نہیں۔ چڑیا کو دیکھیے جو تنکا تنکا جوڑ کر گھونسلا بناتی ہے اور چونچ میں دانہ لا کر بچوں کے منہ میں ڈالتی ہے۔ مرغی کو دیکھیے جو خطرہ بھانپتے ہی اپنے چوزوں کو پروں میں چھپا لیتی ہے، اور جنگل کی شیرنی بھی اپنے بچے کے لیے ساری دنیا سے لڑنے کو تیار ہو جاتی ہے۔ جب بےزبان مخلوق میں ممتا کا یہ عالم ہے تو انسان، جسے اللہ تعالیٰ نے اشرف المخلوقات کا تاج پہنایا، اس کی ماں کی محبت کی گہرائی کا اندازہ کون لگا سکتا ہے؟
ماں زندگی کی تیز دھوپ میں ایک گھنا سایہ ہے، طوفانوں میں ایک پناہ گاہ ہے، جس کی موجودگی اس وقت بھی ڈھارس بندھاتی ہے جب ساری دنیا بےرخی اختیار کر لے۔ اس کی آغوش وہ حرم ہے جہاں بچہ مانگے بغیر سکون پا لیتا ہے۔ مگر افسوس کہ یہ سایہ اب میرے سر پر نہیں رہا۔ میری والدہ اس فانی دنیا سے رخصت ہو کر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملی ہیں۔ وہ ہستی جس کے وسیلے سے میں نے اس دنیا میں آنکھ کھولی، آج خود ابدی گھر کی مسافر بن چکی ہے، اور پیچھے چھوڑ گئی ہے ایسی یادیں جنہیں وقت کی گرد دھندلا نہیں سکتی، اور ایسا خلا جسے کوئی انسانی رشتہ پُر نہیں کر سکتا۔ آج علامہ اقبالؒ کا وہ درد بھرا سوال، جو انہوں نے اپنی والدہ مرحومہ کی یاد میں لکھی نظم میں اٹھایا تھا، میرے دل کا سوال بن گیا ہے:
کس کو اب ہوگا وطن میں آہ! میرا انتظار
کون میرا خط نہ آنے سے رہے گا بے قرار
ماں اولاد کی چھوٹی سی کامیابی پر یوں نہال ہو جاتی ہے جیسے اس نے خود کوئی بڑا معرکہ سر کر لیا ہو، اور بچے کو ذرا سی تکلیف پہنچے تو اس کا دل یوں تڑپ اٹھتا ہے جیسے زخم خود اس کے وجود پر لگا ہو۔ اس کا بس چلے تو زندگی کی ہر مشکل، ہر کانٹا اپنی اولاد کی راہ سے چن کر اپنے دامن میں سمیٹ لے۔ مجھے بچپن کی ایک رات آج بھی یاد ہے، جب میرے کان میں شدید درد اٹھا۔ ہر دوا بےاثر ہو چکی تھی، ہر ٹوٹکا ناکام تھا اور نیند کوسوں دور تھی۔ تب میری ماں نے بڑی نرمی سے میرا سر اپنے پہلو کی طرف کھینچا، مجھے سینے سے لگایا اور آہستہ سے کہا: "بس، ابھی ٹھیک ہو جائے گا۔” نہ جانے اس لمس میں کیا جادو تھا کہ چند ہی لمحوں میں درد جیسے کہیں گم ہو گیا اور میں گہری نیند سو گیا۔ آج پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ اس آغوش میں آخر کون سی طاقت چھپی تھی؟ شاید وہ صرف لمس کی تاثیر نہیں تھی، بلکہ یہ یقین تھا کہ کوئی ہے جو مجھ سے اتنا پیار کرتا ہے کہ میرا درد بانٹ لینا چاہتا ہے۔ دنیا کا کوئی معالج ایسا نسخہ نہیں لکھ سکتا۔
ممتا کے اس آسمانی رشتے کا ذکر آئے تو ذہن بےاختیار حضرت ہاجرہؑ کی طرف چلا جاتا ہے، حضرت اسماعیلؑ کی وہ عظیم ماں جنہیں مکہ کی بےآب و گیاہ وادی میں ایک شیرخوار بچے کے ساتھ چھوڑ دیا گیا تھا۔ پیاس سے بلکتے لختِ جگر کے لیے پانی کی تلاش میں وہ صفا اور مروہ کی پہاڑیوں کے درمیان بےقرار دوڑتی رہیں۔ جب بھی بچہ نظروں سے اوجھل ہوتا، ممتا کی بےچینی انہیں پلٹا لاتی کہ ایک نظر اپنے لال کو دیکھ لیں۔ اس ماں کے عزم، صبر اور ممتا نے ایک ویران وادی کو اسلامی تاریخ کے ایک عظیم واقعے کا مرکز بنا دیا۔ اللہ کے حکم سے ننھے اسماعیلؑ کے قدموں کے قریب زمزم کا مبارک چشمہ پھوٹ پڑا، جو آج تک جاری ہے اور کروڑوں زائرین اور اہلِ ایمان کی پیاس بجھا رہا ہے۔ اس ماں کی دوڑ دھوپ اللہ کو اتنی پسند آئی کہ اسے حج اور عمرہ کا لازمی رکن بنا دیا گیا۔ آج ہر وہ شخص جو صفا و مروہ کے درمیان سعی کرتا ہے، دراصل ایک ماں کے نقشِ قدم پر چل رہا ہوتا ہے، ایسی ماں جس کی محبت نے ایمان، صبر اور استقامت کا روپ دھار لیا تھا۔ گویا قیامت تک کے لیے یہ اعلان کر دیا گیا کہ ماں کی بےقراری بھی عبادت ہے۔
ماں کی دعاؤں اور اس کی موجودگی کی اہمیت حضرت موسیٰؑ کے واقعے میں بھی جھلکتی ہے۔ روایات میں آتا ہے کہ والدہ کے انتقال کے بعد جب حضرت موسیٰؑ کوہِ طور پر گئے تو انہیں متوجہ کیا گیا کہ اب ذرا سنبھل کر، کہ وہ ہستی اب نہیں رہی جس کی دعائیں تمہاری حفاظت کرتی تھیں۔ ماں صرف پالنے والی نہیں ہوتی، وہ ایک ان دیکھی محافظ ہوتی ہے جس کی دعائیں زندگی کے ہر موڑ پر اولاد کے ساتھ ساتھ چلتی ہیں۔ اس کی مناجات ڈھال بن جاتی ہیں اور اس کی محبت بےیقینی کے لمحوں میں حوصلہ دیتی ہے۔ ایسی ہستی کے اٹھ جانے سے جو روحانی خلا پیدا ہوتا ہے، اسے برسوں کا سفر بھی پوری طرح بھر نہیں پاتا۔ اقبالؒ نے یہی کرب یوں بیان کیا تھا:
خاکِ مرقد پر تری لے کر یہ فریاد آؤں گا
اب دعائے نیم شب میں کس کو میں یاد آؤں گا
شاید اسی لیے ماں کا بچھڑ جانا محض ایک عزیز کا بچھڑ جانا نہیں، بلکہ شفقت، فکرمندی اور بےغرض محبت کی ایک پوری دنیا کا اجڑ جانا ہے۔ انسان عمر میں بڑا ہو جاتا ہے، عہدے پا لیتا ہے، نام کما لیتا ہے، دنیا کی آسائشیں سمیٹ لیتا ہے، مگر ماں کے دل میں وہ ہمیشہ وہی ننھا بچہ رہتا ہے جو کبھی اس کی گود میں پناہ ڈھونڈا کرتا تھا۔ کوئی منصب، کوئی اعزاز، کوئی کامیابی اس سادہ سی خوشی کا بدل نہیں ہو سکتی کہ فون کی گھنٹی بجے اور دوسری طرف سے ماں کی آواز آئے: "بیٹا، کھانا کھایا”؟ میں 2002سے اسلام آباد میں قیام پذیر ہوں۔ روزانہ فون پر ان سے بات ہوتی تو ایک دعا باقاعدگی کے ساتھ دیتی تھیں "جِس جگ وِچ میری لیلی، اُس جگ دا اللہ بیلی”۔
آج مجھ پر یہ حقیقت پہلے سے کہیں زیادہ گہرائی سے کھلی ہے کہ ماں کی قدر اس وقت پوری طرح نہیں پہچانی جاتی جب وہ ہمارے درمیان ہوتی ہے۔ اس کی روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی باتیں، بار بار کی نصیحتیں، بےچین سوالات اور ان گنت خدمتیں ہمیں معمول کی چیزیں لگتی ہیں، یہاں تک کہ ایک دن وہ سب یادوں میں بدل جاتی ہیں۔ تب جا کر سمجھ آتا ہے کہ زندگی کا کتنا سکون خاموشی سے اس کے وجود کے سہارے قائم تھا۔ ہم چراغ کی روشنی کو کبھی غور سے نہیں دیکھتے، اس کی اہمیت تو تب معلوم ہوتی ہے جب وہ بجھ جائے اور اندھیرا گھر کے کونے کونے میں اتر آئے۔
میرا یقین ہے کہ ماں کی ریاضت، صبر اور قربانیاں اللہ کے نزدیک سب سے بڑی خدمات میں شمار ہوتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر ماں کو اس کی جاگی ہوئی راتوں، چھپ چھپ کر بہائے گئے آنسوؤں، بےشمار قربانیوں اور اولاد کے لیے مانگی گئی دعاؤں کا بہترین اجر عطا فرمائے۔ جن کی مائیں حیات ہیں، اللہ انہیں صحت اور سکون بھری طویل زندگی دے، اور ان کی اولاد کو توفیق دے کہ وقت ہاتھ سے نکلنے سے پہلے ان کی خدمت کر کے اپنی جنت کما لیں، کیونکہ یہ دروازہ ایک بار بند ہو جائے تو پھر عمر بھر دستک دینے سے بھی نہیں کھلتا۔
اور جو مائیں اپنے رب کے حضور جا چکی ہیں، اللہ انہیں اپنی بےپایاں رحمت کی چادر میں ڈھانپ لے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، ان کی قبروں کو نور سے بھر دے اور جنت الفردوس میں ان کے درجات بلند فرمائے۔ خاص طور پر میری پیاری ماں کے لیے، جن کے جانے سے میری زندگی میں ایسی خاموشی اتر آئی ہے جسے لفظ بیان کرنے سے قاصر ہیں۔ میرے دل کی دعا بھی وہی ہے جو اقبالؒ نے اپنی ماں کے لیے مانگی تھی:
آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزۂ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ضرور ہے، مگر وہ عمر بھر کی سب سے قیمتی پناہ گاہ بھی رہتی ہے۔ وہ گود ہاتھ سے چھوٹ بھی جائے تو اس کی حرارت دل کے نہاں خانوں میں زندہ رہتی ہے۔ ماں دنیا سے رخصت ہو سکتی ہے، مگر اس کی محبت کبھی اپنی اولاد کو چھوڑ کر نہیں جاتی۔



