پاکستانتازہ ترین

بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں، 36 دہشتگرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ

شعبان میں فتنہ الخوارج کے 26 دہشتگرد مارے گئے، مستونگ، قلات اور سبی میں بھی کارروائیاں؛ 72 گھنٹوں میں ہلاک دہشتگردوں کی تعداد 48 ہوگئی: آئی ایس پی آر

راولپنڈی، اسلام آباد، کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاک فوج نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 36 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں متعدد کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں کارروائی کے دوران 26 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

مستونگ، قلات اور سبی میں کارروائیاں

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں کیے گئے آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی سے منسلک 6 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم موقع پر ہی تباہ کر دیے گئے۔

قلات میں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ سبی کے علاقے بھاگ میں بھی بھارتی سرپرستی سے منسلک 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 2 ستمبر کو بھی ضلع قلات میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی تھی، جس کے دوران 12 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔ کارروائی سے قبل دہشتگردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی اور نگرانی کی گئی، جس کے بعد فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹھکانے کو تباہ کر دیا۔ کارروائی میں اسلحے اور دیسی ساختہ بارودی آلات کا ذخیرہ بھی تباہ کیا گیا۔

بھاگ میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند کے مطابق بھاگ شہر میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا اور پولیس کی جوانمردانہ مزاحمت کے باعث حملہ آور پسپا ہوگئے۔

شاہد رند کے مطابق دہشتگردوں نے پولیس اسٹیشن، بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس کو نشانہ بنایا۔ تقریباً 40 دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں، راکٹوں اور دستی بموں کے ذریعے حملہ کیا، تاہم وہ پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرنے اور اسلحہ چھیننے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئے۔

صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کا پختہ عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشتگردوں کو بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کے مذموم عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button