
لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 12 دسمبر کو ایوانِ عدل میں ہوں گے، جن میں مختلف نشستوں پر 47 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ چیئرمین الیکشن بورڈ عمران مسعود نے امیدواروں کی عبوری فہرست جاری کردی ہے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق امیدوار 28 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ انتخابات کے لیے باقاعدہ ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا گیا ہے۔لاہور بار کی صدارت کی نشست پر عبدالصمد بسریا، مقصود کھوکھر اور ادیب اسلم بھنڈر کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔
نائب صدر کی نشست پر لاہور بار، ماڈل ٹاؤن بار اور کینٹ بار سے مجموعی طور پر 18 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ سیکرٹری کی نشست پر 9، جوائنٹ سیکرٹری پر 4، فنانس سیکرٹری پر 9 اور لائبریری سیکرٹری کی نشست پر 2 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔انتخابات میں 16 ہزار سے زائد وکلا بائیومیٹرک نظام کے تحت اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن بورڈ کے مطابق شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی نتائج کے اعلان کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ پولنگ کے روز ایوانِ عدل میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔



