
لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے جبکہ مذہبی رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں چیئرمین کرسچن لائرز ایسوسی ایشن پاکستان کاشف الیگزینڈر ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کی قیادت میں اقلیتی امور سے متعلق وکلا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں جس آزادی اور سکون کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں، وہ خطے کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مذہبی آزادی فراہم کرنے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے بھارت میں اقلیتوں کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اقلیتوں کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق بھارت میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے تعلیم، صحت، قانون، سماجی خدمت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
وکلا کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام اور تسلسل کے لیے وکلا نے قابلِ ستائش قربانیاں دی ہیں۔ جمہوری نظام کی مضبوطی، آئین و قانون کی بالادستی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں وکلا کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معاشرے کے کمزور طبقات کو بروقت انصاف کی فراہمی سے ہی عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مزید مضبوط کیا جاسکتا ہے۔



