
لاہور:(نمائندہ وی او این) سماجی تنظیم ’گود‘ کے زیر اہتمام بروک انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے اشتراک سے لاہور میں خانہ بدوشوں کے مال برداری کے جانوروں کو مہلک اور موذی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا گیا۔ مہم کے پہلے مرحلے میں 562 گھوڑوں، گدھوں اور خچروں کو حفاظتی ویکسین لگائی جائے گی۔
اس موقع پر زونل پروگرام منیجر ڈاکٹر عمران کبیر نے خانہ بدوشوں کو جانوروں کو مختلف موذی امراض سے محفوظ رکھنے، بروقت علاج اور مناسب دیکھ بھال کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
بروک انٹرنیشنل کے ویٹرنری ڈاکٹر خادم حسین اور ڈاکٹر داؤد سمیت ’گود‘ کے اسٹاف علمدار شاہ، مناہل عائشہ اور آفیر بھی موجود تھے۔ ماہرین نے مویشی پالنے والے بچوں کو جانوروں میں ظاہر ہونے والی مختلف بیماریوں کی علامات، احتیاطی تدابیر اور بروقت علاج کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔
ڈائریکٹر ’گود ‘ نذیر غازی نے کہا کہ جانوروں کی ویکسی نیشن مہم 30 سمتر تک جاری رہے گی۔منتظمین کے مطابق ویکسی نیشن مہم کا مقصد خانہ بدوش برادری کے مال برداری کے جانوروں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ بنانا اور جانوروں کی صحت و بہبود کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔



