پاکستانتازہ ترینصحت

میک اپ بیس،واٹرپروف فائونڈیشن کیسے کریں؟مونا کاشف نے بتادیئے تمام خفیہ راز

لاہور:(انٹرویو:شہزاد فراموش) آرائشِ جمال اور میک اپ کی دنیا میں جہاں رنگوں کے امتزاج اور سکن کیئر کی تکنیکوں پر آئے دن نئے تجربات ہوتے رہتے ہیں، وہاں بیشتر خواتین کو اکثر یہ شکایت رہتی ہے کہ مہنگی سے مہنگی فاؤنڈیشن یا کنسیلر لگانے کے باوجود کچھ دیر بعد اُن کا میک اَپ گرے یا سیاہ پڑنے لگتا ہے۔ مزید برآں، گھر پر ٹی وی پینٹ سٹِک استعمال کرتے وقت بیس کا کیکی ہو جانا، سمائل لائنز میں جم جانا اور پیچز بن جانا ایک عام مسئلہ بنا ہوا ہے۔ انہی تمام تکنیکی مسائل، کلر تھیوریز کے اصولوں اور واٹر پروف فل کوریج فاؤنڈیشن کے رازوں سے پردہ اٹھانے کے لیے”وی او این“ نے معروف بیوٹی ایکسپرٹ مونا کاشف سے خصوصی انٹرویو کیا۔

آئیے، جانتے ہیں کہ میک اپ کو 100 فیصد فلو لیس اور دیرپا بنانے کے بنیادی طریقے کیا ہیں۔

وی او این: مونا جی! خواتین اکثر یہ شکایت کرتی ہیں کہ جتنی بھی مہنگی فاؤنڈیشن یا کنسیلر لگا لیں، کچھ دیر بعد آنکھوں کے نیچے یا چہرے سے بیس سرمئی یا سیاہ پڑ جاتی ہے۔ اس کی اصل وجہ کیا ہے؟
مونا کاشف: اس کی سب سے بڑی اور بنیادی وجہ کلر کوریکشن نہ کرنا ہے۔ جب ہم چہرے کے سیاہ دھبوں یا ڈارک سرکلز پر بلا جھجھک سیدھی فاؤنڈیشن لگا دیتے ہیں تو نیچے سے وہی کالا پن فاؤنڈیشن میں سے جھانکنے لگتا ہے اور بیس سرمئی ہو جاتی ہے۔


وی او این: اس مسئلے کا سب سے مؤثر اور فوری حل کیا ہے؟

مونا کاشف: اس کا حل ہے اورنج کلر کوریکٹر کا صحیح استعمال ہے، اگر اسے صحیح طریقے سے لگایا جائے تو آپ کی بیس پورا دن بغیر کسی خرابی کے فلو لیس اور برائٹ لگے گی۔

وی او این: اورنج کوریکٹر آخر کام کیسے کرتا ہے؟ اس کے پیچھے سائنسی یا آرٹ کی کیا منطق ہے؟

مونا کاشف: یہ سب کلر تھیوری کا کمال ہے۔ اگر ہم کلر وہیل کے قانون کو دیکھیں تو اورنج کلر ہمیشہ نیلے، جامنی اور گہرے سیاہ رنگوں کو نیوٹرلائز کرتا ہے۔ ہمارے چہرے پر آنکھوں کے نیچے گہرے سیاہ حلقے جنہیں ہم ڈارک سرکلز بھی کہتے ہیں۔ منہ کے گرد کا کالا پن، چھائیاں یا پرانے ایکنی کے گہرے داغ نیلے یا سیاہ اَنڈرٹون کے ہوتے ہیں۔ اورنج کوریکٹر ان تمام گہرے اور کالے دھبوں کو کینسل کر کے سکِن کے کلر کو بالکل ایک جیسا کر دیتا ہے۔

وی او این: اورنج کوریکٹر کس جِلد والے کو اور کب استعمال کرنا چاہیے؟

مونا کاشف: اورنج کوریکٹر بنیادی طور پر گندمی اور سانولی سکن کے لیے بہترین ہوتا ہے۔ اگر آپ کی رنگت میڈیم یا ڈارک ہے اور چہرے پر میڈیم سے ہیوی ڈارک سرکلز یا داغ دھبے ہیں تو اورنج کوریکٹر آپ کے لیے بہت ضروری ہے۔

وی او این: اگر کسی کی سکن کی رنگت بہت گوری ہو، تو کیا وہ بھی اورنج کوریکٹر استعمال کر سکتی ہیں؟


مونا کاشف:بہت زیادہ فیئر سکِن والی بہنیں اورنج کے بجائے پِیچ (Peach) کوریکٹر استعمال کریں۔ گوری رنگت پر اورنج کلر زیادہ گہرا ہو جائے گا اور بعد میں فاؤنڈیشن کے نیچے سے جھانکے گا۔

وی او این: کیا اورنج کوریکٹر لگانے کا بھی کوئی خاص طریقہ یا گائیڈ لائن ہے؟

مونا کاشف: بالکل! اگر آپ اورنج کوریکٹر غلط طریقے سے لگائیں گے تو پورا چہرہ اورنج نظر آنے لگے گا۔ اس کے لیے 4 اہم اسٹیپس ہیں۔پہلے نمبر پر سکن پریپ ہے، چہرے پر موئسچرائزر اور پرائمر اچھے سے لگا کر 2 منٹ کا گیپ دیں تاکہ سکن سموتھ ہو جائے۔دوسرے نمبر پر لَیس اِز مور(Less is More)ہے، اورنج کوریکٹر کی ایک یا دو قطرے یعنی بہت کم مقدار میں صرف ان جگہوں پر لگائیں جہاں ڈارک سرکلز ہیں، ہونٹوں کے کونے ہیں یا داغ دھبے ہیں۔ اسے پورے چہرے پر ہرگز نہ لگائیں۔

تیسرے نمبر پر ڈیپ، ڈونٹ رب (Dab,Don’t Rub) فنگر یا ڈیمپ بیوٹی بلینڈر کی مدد سے اسے ڈیپ کر کے اسی جگہ پر بلینڈ کریں، اسے پورے چہرے پر پھیلانا نہیں ہے۔اور چوتھے نمبر پرسب سے اہم سٹیپ دی نیوٹرلائزنگ کنسیلر ہے۔ اورنج کوریکٹر لگانے کے فوراً بعد فاؤنڈیشن نہ لگائیں، پہلے اورنج رنگ کو چھپانے کے لیے اس کے اوپر اپنی سکن ٹون کے ایگزیکٹ میچ کا کنسیلر یا سکن سے ملتا جلتا کوریج والا شیڈ ہلکا سا لگا کر ڈیپ کریں۔ جب اورنج رنگ چھپ جائے، تب فاؤنڈیشن اپلائی کریں۔

وی او این: اورنج کوریکٹر استعمال کرتے وقت کن عام غلطیوں سے بچنا چاہیے؟
مونا کاشف: دو عام غلطیاں اکثر کی جاتی ہیں،پہلی یہ کہ اورنج کوریکٹر کو فاؤنڈیشن کے ساتھ مکس کر دینا۔اس کا حل یہ ہے کہ ہمیشہ کوریکٹر کو پہلے ڈیپ کر کے سیٹ کریں پھر فاؤنڈیشن لگائیں۔ دوسری غلطی یہ کہ اورنج کوریکٹر کے اوپر ڈائریکٹ اپنے سے 2 شیڈ لائٹ کنسیلر لگا لینا۔ اس سے بیس اورنج گرے ہو جائے گی، پہلے سکن میچ کنسیلر لگائیں، پھر برائٹننگ کریں۔

وی او این: مونا جی! جب ہم کسی شادی یا فنکشن پر پارلر سے تیار ہوتے ہیں تو ان کی بیس اتنی زبردست، ہموار اور واٹر پروف ہوتی ہے کہ گھنٹوں تک نہ ہلتی ہے اور نہ سیاہ پڑتی ہے۔ لیکن جب وہی ٹی وی پینٹ سٹِک گھر پر لگائیں تو بیس کیکی cakey ہو جاتی ہے، سمائل لائنز میں جم جاتی ہے۔ اس کے پیچھے پارلرز کا کیا راز ہے؟

مونا کاشف: میں آپ کو وہی خاص طریقہ بتاتی ہوں جس سے آپ کی پینٹ سٹک بیس بالکل واٹر پروف، فلو لیس اور 100فیصدفل کوریج بنے گی۔

وی او این: اس کا پہلا قدم کیا ہونا چاہیے؟
مونا کاشف: پہلا اور سب سے اہم قدم ہے جِلد کی تیاری، پینٹ سٹک کا فارمولا کافی Thick اور ہیوی ہائیڈریشن والا ہوتا ہے۔ اس لیے اسے لگانے سے پانچ منٹ پہلے سکن کو اچھا سا موئسچرائزر لگا کر ہائیڈریٹ کریں۔ اس کے بعد ٹی زون پر پرائمر لازمی پریس کر کے لگائیں تاکہ مسام اور کھڈے بھر جائیں اور بیس سکن کے اندر نہ جمے۔

وی او این: پارلرز میں سٹک کو چہرے پر اپلائی کرنے کا کیا راز یا تکنیک استعمال ہوتی ہے؟

مونا کاشف: دوسرا طریقہ ہے سیکرٹ پارلر ایپلیکیشن تکنیک، اسٹک کو ڈائریکٹ چہرے پر رگڑنے کے بجائے ڈائریکٹ ایپلیکیشن کے تحت ڈاٹ،ڈاٹ (Dots) کر کے پورے چہرے اور گردن پر لگائیں۔ اس کے بعد ڈیمپ بیوٹی بلینڈر،اسپنج کو پہلے پانی میں اچھی طرح بھگو کر سارا پانی نچوڑ یں پھر اس کی مدد سے ڈیبنگ (Dabbing) کریں۔ بیس کو ڈیپ یا پریس کریں۔یہ دھیان رہے کہ چہرے پر گھسیٹنا یا رگڑنا نہیں ہے۔

وی او این: بیس کو100فیصد واٹر پروف اور سویٹ پروف بنانے کا کیا طریقہ ہے؟

مونا کاشف: اس کے لیے یہ مراحل فالو کرنا ہونگے،سب سے پہلے واٹر پروفنگ ہے، پینٹ سٹک کو بلینڈ کرنے کے فوراً بعد پاؤڈر سے پہلے پورے چہرے پر ایک بار میک اپ سیٹنگ سپرے کریں۔ اس کے بعد کسی اچھے کامپیکٹ یا لوز پاؤڈر کی پاؤڈر پف کی مدد سے بیس کو پریس کر کے لاک کریں۔دوسرے نمبر پر بیکنگ فار آئلی سکن ہے۔ اگر آپ کی سکن آئلی ہے یا پسینہ زیادہ آتا ہے تو ناک، ماتھے اور ٹھوڑی پر 2 منٹ کے لیے پاؤڈر چھوڑ دیں اور پھر بڑے برش سے اضافی پاؤڈر جھاڑ دیں۔

وی او این: یہ بتائیں کہ ٹی وی پینٹ سٹک استعمال کرتے وقت کن غلطیوں سے گریز کرنا چاہیے؟

مونا کاشف: ان دو غلطیوں سے لازمی بچیں،پہلے نمبر پر خشک سکن پر ڈائریکٹ لگانا ہے، اگر سکن ڈرائی ہوگی تو پینٹ سٹک کیک جیسی لگے گی اور سکن کے پیچز نظر آئیں گے۔ دوسرے نمبر پر زیادہ مقدار کا ستعمال ہے۔ شروع ہمیشہ کم مقدار سے کریں، اگر کوریج کم لگے تو مزید ایک ہلکی لیئر دی جا سکتی ہے۔

وی او این: آپ کے سیلون کا نام کیا ہے سنا ہے آپ لڑکیوں کو یہ کام سکھاتی اور پڑھاتی بھی ہیں؟

مونا کاشف:میرے سیلون اینڈ سپاء کا نام "لا بیل” ہے ۔یہ فرانسیسی لفظ ہے جس کا مطلب خوبصورت خاتون ہے اور یہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع ہے ۔ میں 29 ستمبر کو جو چیزیں آپ سے ڈسکس کی ہیں ان پر کلاس میں لیکچر بھی دے رہی ہوں۔ یہاں نئی سیکھنے والی لڑکیوں کو پوری توجہ سے ٹرینڈ کیا جاتا ہے۔اس میں ہم چہرے پر میٹریل اپلائی کرنے طریقے بھی سکھاتے ہیں۔

وی او این: مونا جی! آپ نے بہت ہی سادہ اور سائنسی انداز میں کلر کوریکشن اور ٹی وی پینٹ سٹِک کا درست طریقہ استعمال بتایا۔ ہمارے قارئین کے لیے یہ معلومات یقیناََ بہت کار آمد ثابت ہوں گی۔ آپ کے وقت اور رہنمائی کا بہت بہت شکریہ!

مونا کاشف: شکریہ جی! امید ہے ان تکنیکس پر عمل کر کے خواتین گھر بیٹھے پارلر جیسی فلو لیس لک(look) حاصل کر سکیں گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button