لاہور (بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جاری اور نئے ہیلتھ پراجیکٹس کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں مختلف شہروں میں صحت کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں میانوالی میں مریم نواز میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں کلثوم نواز کینسر ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں گوجرانوالہ میں 268 بیڈ پر مشتمل نواز شریف مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ لیہ میڈیکل کالج پراجیکٹ پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔
مریم نواز نے متعلقہ حکام کو مختلف شہروں میں جاری ہیلتھ پراجیکٹس کی جلد از جلد تکمیل کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ، انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر اور سرگودھا کارڈیالوجی پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں انفیکٹیو ڈیزیز، پلاسٹک سرجری، جینیٹک، سرجیکل اور آرتھوپیڈک انسٹی ٹیوٹس قائم کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت چلڈرن ہسپتال ٹو اور انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمالوجی بھی قائم کیے جائیں گے۔
نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال اور 100 بیڈ کا جنرل ہسپتال بھی تعمیر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اقوام متحدہ میں وزیراعظم کے خطاب پر مریم نواز کا اظہارِ تشکر
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے مسلسل چوتھی مرتبہ خطاب کا اعزاز ملنے پر اظہارِ تشکر کیا۔
مریم نواز نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پاکستانی قوم کی ترجمانی پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازع پر جنرل اسمبلی میں پاکستان کا مؤقف مدلل انداز میں پیش کیا، جبکہ فلسطینیوں کے حق میں بھی آواز بلند کی اور اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کی۔
مریم نواز کے مطابق وزیراعظم نے ایران جنگ کے پرامن حل پر زور دیا اور الحرمین الشریفین کے تحفظ اور تقدس کو ریڈ لائن قرار دے کر امت مسلمہ کی ترجمانی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانی و مالی قربانیوں کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا اور مذہبی منافرت و اسلامو فوبیا جیسے مسائل کی جانب بھی اقوام عالم کی توجہ مبذول کرائی۔
ڈی آئی خان بم دھماکے کی مذمت
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈی آئی خان چیک پوسٹ کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کی اور واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی



