
لاہور:( بیوروچیف)پنجاب بار کونسل کے جنرل ہائوس کے اجلاس میں وکلا ء کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ مسائل کے حل، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور بار کونسل کے انتظامی امور سے متعلق متعدد اہم قراردادیں منظور کر لی گئیں۔
پنجاب بار کونسل سے ملحقہ پلاٹ پر نئی عمارت کی تعمیر، وکلا ء اور ان کے اہل خانہ کیلئے طبی سہولیات میں اضافے، گروپ انشورنس ،موذی و مہنگے امراض کے علاج کیلئے سہولیات اور بجٹ مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
پنجاب بار کونسل کے جنرل ہائوس کا اجلاس وائس چیئرمین چودھری قیصر نذیر ساہی اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ارشد علی ہنجرا کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پنجاب بار کونسل کے 75 ممبران سمیت سیکرٹری رفاقت علی سوہل اوراکائونٹس آفیسر رانا محمد عمیر نے شرکت کی۔
جنرل ہائوس کے اجلاس میں دنیا بھر کی قانونی برادری کے ساتھ روابط بڑھانے اور وکلا ء کے بین الاقوامی سطح پر تعلقات مزید مضبوط کرنے سے متعلق قراردادبھی منظور کی گئی۔ شرکا ء نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ دور میں وکلا ء کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔
اس موقع پر وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری قیصر نذیر ساہی اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ارشد علی ہنجرا نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے اور ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دنیا کو ایک دوسرے کے قریب کر دیا ہے۔ وکلا ء برادری کو عالمی سطح پر پیشہ ورانہ تقاضوں کا مقابلہ کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے جدید رجحانات کو فوری طور پر اپنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بار کونسل کی نئی عمارت کی جلد تعمیر سے وکلا ء برادری کے بہت سے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ وکلا ء کے حقوق کا تحفظ، جمہوریت کے فروغ، انصاف کی فراہمی، قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ پنجاب بار کونسل کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل ہائوس کے اجلاس میں منظور ہونے والی قراردادیں وکلا ء برادری کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ وکلا ء اور ان کے اہل خانہ کو مہنگے علاج اور موذی امراض کی صورت میں درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے پنجاب بار کونسل اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، پنجاب بار کونسل کسی وکیل کو بے آسرا نہیں چھوڑے گی ، وکلا ء کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



