
لاہور:(بیوروچیف )جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین کی پاسداری، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور عوام میں ٹریفک شعور اُجاگر کرنے کے حوالے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں ایجوکیشن پروگرام انچارج فہمیدہ ذیشان، ایجوکیشن آفیسر فیصل محمود اور ایجوکیشن آفیسر محسن عباس شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ٹریفک قوانین کی اہمیت، محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں اور شہریوں کو ٹریفک نظم و ضبط کا پابند بنانے کیلئے موثر آگاہی پروگرامز کی ضرورت پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنا اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کی اہمیت اُجاگر کرنا حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے نہایت ضروری ہے۔ تعلیمی اداروں، عوامی مقامات اور مختلف طبقات زندگی میں ٹریفک آگاہی کے فروغ کو بھی محفوظ معاشرے کی تشکیل کیلئے اہم قرار دیا گیا۔

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے ،ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ صرف حادثات کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوتا ہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور معاشرے میں نظم و ضبط کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ ہے، محفوظ ٹریفک نظام کے قیام کیلئے عوام میں ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال، لین ڈسپلن اور ٹریفک اشاروں کی پابندی کا شعور اُجاگر کرنا ناگزیر ہے، اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کی آگاہی سرگرمیاں اہمیت کی حامل ہیں۔
سید ندیم عالم شاہ نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ روڈ سیفٹی کے فروغ اور ٹریفک قوانین کی اہمیت اُجاگر کرنے کیلئے آگاہی پروگرامز کو مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں میں قانون پسندی اور ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دے کر حادثات میں کمی لائی جا سکے، محفوظ سڑکیں اور ذمہ دار شہری ایک مہذب اور منظم معاشرے کی پہچان ہیں۔



