پاکستانتازہ ترین

تمام اہم معاملات پر قومی ہم آہنگی اور مکالمہ ضروری:وزیراعظم

پاکستان نے دفاعی اور سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، وقت ہے کامیابیوں کو معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے

اسلام آباد:(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے دفاعی اور سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ان کامیابیوں کو معاشی فوائد اور عوامی خوشحالی میں تبدیل کیا جائے۔ ایران اور امریکہ کو 47 سال بعد اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانا غیر معمولی سفارتی کامیابی تھی۔

نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب اور سوال و جواب کی نشست میں وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے لیے انتھک کوششیں کیں۔ مذاکراتی عمل کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ پاکستان خطے میں دوبارہ امن کے لیے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایران ہمارا ہمسایہ اور برادر ملک ہے، جبکہ امریکہ اور خلیجی ممالک کے ساتھ بھی بہترین تعلقات ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے گزشتہ سال اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ رواں سال پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدہ طے پایا۔ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تاریخی تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ دفاعی معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوئی ہے۔ ترکیہ کی شمولیت سے یہ شراکت داری خطے میں سلامتی کے مفادات، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائے گی۔ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں اور اس کے کوئی جارحانہ مقاصد نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان کی کامیابیوں میں پوری قوم کی حمایت شامل ہے۔ معرکۂ حق میں فیلڈ مارشل کی قیادت میں بہادر افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، اب وقت ہے کہ ان کامیابیوں کو معاشی فوائد میں تبدیل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں ایف بی آر میں طویل عرصے سے زیرِ التوا اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھایا گیا اور پہلی مرتبہ ادارے سے انتہائی کرپٹ عناصر کا خاتمہ کیا گیا۔ ایف بی آر میں خصوصاً سیلز ٹیکس جیسے بالواسطہ ٹیکسوں میں بڑے پیمانے پر چوری ہوتی رہی۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار مالی سال 2025-26 میں اصلاحات کے نفاذ سے 900 ارب روپے وصول کیے گئے۔ ٹیکس چوری اور کرپشن سے ضائع ہونے والی رقم میں سے 900 ارب روپے کی وصولی بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیویارک میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ وزیراعظم، یہ بدلا ہوا پاکستان ہے۔ ان کے یہ الفاظ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر تھے۔ مختصر مدت میں یہ کامیابیاں خلوص نیت، محنت اور انتھک کوششوں کا نتیجہ ہیں۔ ارادہ پختہ اور عزم مضبوط ہو تو راستہ نکل آتا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق رواں سال پاکستان کی جی ڈی پی شرح نمو ساڑھے تین فیصد متوقع ہے، تاہم پاکستان کو جلد کم از کم چھ فیصد جی ڈی پی گروتھ حاصل کرنا ہوگی۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر ممکنہ طور پر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی برآمدات میں آٹھ فیصد اضافہ ہوا، جبکہ آئی ٹی برآمدات 4 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ تین سال پہلے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ڈیڑھ ارب ڈالر کے قریب تھیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ زراعت کو پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ زرعی شعبے کو مکمل طور پر جدید تقاضوں کے مطابق تبدیل کرنا ہوگا اور اس کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ لائیو اسٹاک زراعت کا ایک بڑا حصہ اور پاکستان کی بے پناہ صلاحیتوں کا حامل شعبہ ہے۔ زراعت کا شعبہ چھ ماہ میں ملکی معیشت کو تبدیل کر سکتا ہے۔ قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے لیے ایک چیلنج بھی ہیں اور ایک بڑا موقع بھی۔ ہماری 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے تمام توانائیاں یکجا کرکے نوجوان نسل کو باصلاحیت بنانا ہوگا۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور پیداواری روزگار فراہم کرنا ہے۔ آئندہ چند برس میں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ آئی ٹی، اے آئی، ووکیشنل اور اسکل ٹریننگ نوجوانوں کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے کوشاں ہے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنائے بغیر پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے گرین یوتھ موومنٹ سے متعلق اقدامات جبکہ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے نوجوانوں کی ترقی کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ بھمبر میں پہلا دانش اسکول دسمبر میں مکمل ہو جائے گا، جبکہ دوسرا دانش اسکول باغ میں قائم کیا جا رہا ہے۔ دانش اسکولوں میں ہونہار اور مستحق طلبہ کو میرٹ پر داخلے دیے جا رہے ہیں اور یہ اسکول آزاد کشمیر کے منظرنامے کو تبدیل کر دیں گے۔

سوال و جواب کی نشست میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی ایک بڑا چیلنج ہے۔ آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومت نے ٹاسک فورس قائم کی ہے، جبکہ اس حوالے سے اپیکس کمیٹی کا اجلاس جلد منعقد ہوگا۔ معاشی ترقی کے ثمرات سے استفادہ کرنے کے لیے آبادی میں اضافے کے چیلنج سے نمٹنا انتہائی اہم ہے اور اس مسئلے پر بھی مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے قرضوں کا بوجھ بڑا مسئلہ ہے اور پاکستان مہنگے قرضوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ قرضوں سے نجات کے لیے مل کر مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ سبسڈی قوم کے ٹیکس کا پیسہ ہے، یہ رقم کہیں باہر سے نہیں آتی۔ ٹیکس چوری کے معاملے میں معاشرے کے مختلف طبقات بھی ذمہ دار ہیں۔ تنخواہ دار طبقہ اپنا ٹیکس ادا کرتا ہے، جبکہ صنعتوں اور زراعت کے شعبے میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو ایمانداری سے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ ٹیکس چوری کا نقصان پورا کرنے کے لیے حکومت کو نوٹ چھاپنے یا قرض لینے پڑتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ خسارے کے شکار سرکاری اداروں کے نقصانات پورے کرنے کے لیے اربوں روپے خرچ کیے گئے۔ پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کرکے کرپشن کا راستہ بند کیا گیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز میں ہر سال رمضان المبارک کے دوران طویل قطاریں لگتی تھیں، اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی، ناقص معیار اور کرپشن کے مسائل تھے۔ یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش سے قوم کو مستقبل میں سینکڑوں ارب روپے کے نقصان سے بچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مستحق افراد کی معاونت کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا استعمال کیا گیا اور مستحق خاندانوں کو گھر بیٹھے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے مالی امداد فراہم کی گئی۔ دو برس سے مستحق خاندانوں کو طویل قطاروں کے بجائے گھروں میں مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میرٹ پر مبنی نظام کو مکمل طور پر نافذ کرنا ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔ پہلے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اور اب وزیراعظم کی حیثیت سے میرٹ پر مبنی نظام نافذ کیا۔ کامیابی کے لیے محنت، امانت، دیانت اور میرٹ ہی یکساں معیار ہونا چاہیے۔ مشترکہ اور مربوط کاوشوں سے ملکی معیشت کو عدم استحکام سے نکالا گیا۔ حکومت نے مشکل فیصلے کرتے ہوئے معاشی اصلاحات متعارف کرائیں، تاہم اصلاحات کے عمل میں سب سے زیادہ تکلیف عام آدمی نے برداشت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر پی آئی اے کی نجکاری نہ ہوتی تو 30 ارب روپے سالانہ نقصان برداشت کرنا پڑتا۔ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ہماری بہادر افواج جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہیں۔ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ مجبوراً کرنا پڑا۔

معدنیات کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے اور غیر قانونی کان کنی کرنے والے کارٹلز کو روک دیا گیا ہے۔ پاکستان میں کان کنی، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ کے بعد قیمتی مصنوعات کی برآمدات ہمارا مشن ہے۔ معدنیات کی ویلیو ایڈیشن کا باقاعدہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور مائننگ کمپنیوں کو معاہدوں کے تحت مقررہ مدت میں سمیلٹرز لگانے کی پابندی کرنا ہوگی۔

توانائی کے شعبے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں ایک نیٹ امپورٹر ملک ہے اور سالانہ اربوں ڈالر کی ایل این جی، ایل پی جی، خام تیل، پیٹرولیم مصنوعات اور گیس درآمد کرنا پڑتی ہے۔ حکومت نے توانائی کی مشکلات کم کرنے کے لیے میکنزم وضع کیا ہے۔ بحرانی کیفیت کے ابتدائی چند ہفتوں میں وفاقی حکومت نے 28 ارب روپے کی سبسڈی دی، جبکہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں فیول سبسڈی کی مد میں 50 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ فیول سبسڈی کا نظام انتہائی اطمینان اور کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ تمام اہم معاملات پر قومی ہم آہنگی اور مکالمہ ضروری ہے۔ سماجی و اقتصادی اہداف انفرادی کوششوں سے حاصل نہیں کیے جا سکتے بلکہ قومی سطح پر ٹیم ورک اور شراکت داری کے ذریعے ہی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اتحاد اور اجتماعی دانش سے تمام مسائل کا حل ممکن ہے، جبکہ قومی مکالمے اور ہم آہنگی سے قومی یکجہتی اور وفاق و صوبوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button