حیدرآباد (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مسالک کی بنیاد پر امت کو تقسیم کرنے والے دین کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقامتِ دین جماعت اسلامی کی جدوجہد کی منزل ہے اور خواتین معاشرے میں بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سولنگی گوٹھ حیدرآباد میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام ارکان کی سہ روزہ تربیت گاہ کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جماعت اسلامی اقامتِ دین کی تحریک
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی محض سیاسی، مسلکی یا سماجی تنظیم نہیں بلکہ اقامتِ دین کی تحریک ہے۔ اس کا مقصد اللہ کے دین کو زندگی کے تمام شعبوں میں نافذ کرنے کے لیے معاشرے کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت کا مقصد دین کو چند عبادات یا انفرادی زندگی تک محدود رکھنا نہیں بلکہ اسے مکمل نظامِ زندگی کے طور پر پیش کرنا ہے۔ ان کے مطابق یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، اس لیے جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کی اسلامی شناخت اور اقامتِ دین کے لیے مسلسل جدوجہد کرے۔
فقہی اختلافات تقسیم کا ذریعہ نہ بنیں
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی قومیت، زبان یا مسلک کی نمائندہ نہیں بلکہ دین کے نظام کے قیام کی تحریک ہے۔ مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی فقہی شناخت برقرار رکھتے ہوئے اس میں شامل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فقہی اختلافات کو امت کی تقسیم کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔ لوگوں کو محبت، حکمت اور تربیت کے ذریعے دین کے جامع تصور سے روشناس کرانا ہے۔
خواتین دعوتی کام آگے بڑھائیں
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خواتین اپنے خاندان، محلے اور حلقۂ احباب میں دعوتی کام کو آگے بڑھائیں۔ جماعت اسلامی کی قوت صرف تنظیمی ڈھانچے یا سیاسی سرگرمیوں میں نہیں بلکہ اس کے نظریے، تربیت یافتہ افراد اور معاشرے میں دعوتی اثرات میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ درسِ قرآن محض ایک سرگرمی یا معمول نہیں، بلکہ اس کے ذریعے لوگوں کی فکر، کردار اور عملی زندگی میں تبدیلی پیدا کرنی ہے۔ ارکان قرآن مجید کی تلاوت، ترجمے اور تفہیم کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔ قرآن نہ پڑھنے والی خواتین کو قرآن پڑھائیں اور دین کے جامع تصور سے روشناس کرائیں۔
نئی نسل کے لیے صرف پابندیاں کافی نہیں
نئی نسل کی تربیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج کے بچے اور نوجوان موبائل، انٹرنیٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے ماحول میں پرورش پا رہے ہیں۔ ان کی تربیت کے لیے صرف پابندیاں کافی نہیں۔ ان کی ذہنی سطح کو سمجھنا، صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع دینا ضروری ہے۔ نوجوانوں کو محبت، حکمت اور حوصلہ افزائی سے جماعتی اجتماعیت کے ساتھ جوڑا جائے۔
تنظیم مقصد نہیں، ذریعہ ہے: کاشف سعید شیخ
امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا کہ تنظیم خود مقصد نہیں بلکہ اقامتِ دین کے حصول کا ذریعہ ہے۔ تنظیمی ڈھانچے، اجتماعات اور سرگرمیوں کی افادیت اسی وقت ہے جب وہ دین کے قیام اور معاشرے میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔
انہوں نے 1970ء اور 2024ء کے انتخابی نتائج کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود جماعت اسلامی نے سندھ کے مختلف علاقوں میں نمایاں انتخابی قوت کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت کی اصل قوت نظریاتی وابستگی، کارکنان کی محنت، خواتین کی جدوجہد اور مؤثر اجتماعیت ہے۔
قرآن کا شعور زندگی بدلتا ہے: رخشندہ منیب
رخشندہ منیب نے کہا کہ قرآن مجید کا حقیقی شعور انسان کی فکر، کردار اور عملی زندگی میں تبدیلی پیدا کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ جن بندوں کو اپنے دین کے کام کے لیے منتخب فرماتا ہے، ان کے لیے یہ بہت بڑا اعزاز اور ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دینی کارکن خود اللہ کی اطاعت اختیار کریں اور معاشرے کو غیر اللہ کی بندگی سے نجات دلانے کی جدوجہد کریں۔ دنیاوی مصلحتوں، خاندانی دباؤ اور معاشرتی رسم و رواج کو اللہ کی رضا اور دینی ذمہ داریوں پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ اجتماعیت سے وابستگی، باہمی تعاون، فکری و عملی تربیت اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق ہی سے دعوتِ دین کی ذمہ داری مؤثر انداز میں ادا ہو سکتی ہے۔



