پاکستانتازہ ترین

لاہور کا ثقافتی ورثہ عالمی مندوبین کو پاکستان کے مزید قریب لے آیا

دفتر محتسب پنجاب کی 30ویں سالگرہ پر بین الاقوامی کانفرنس میں شریک 19 ممالک کے 53 مندوبین کی تاریخی مقامات کی سیر، پاکستانی ثقافت، فنِ تعمیر اور مہمان نوازی کو سراہا

لاہور (ویب ڈیسک) دفتر محتسب پنجاب کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی مندوبین نے لاہور کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے، تاریخی فنِ تعمیر اور روایتی مہمان نوازی کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق 8 اکتوبر 2026ء کو پرل کانٹی نینٹل ہوٹل لاہور میں دفتر محتسب پنجاب کے قیام کی 30ویں سالگرہ کے سلسلے میں بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں شریک مندوبین کے لیے 9 اکتوبر کو دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اس دورے میں 19 ممالک سے تعلق رکھنے والے 53 مندوبین نے شرکت کی۔

شرکاء میں پاپوا نیو گنی، جمہوریہ کرغزستان، اٹلی، نائیجیریا، سوئٹزرلینڈ، روس، زیمبیا، یوکرین، انڈورا، ترکیہ، مکاؤ، بحرین، تیمور لیستے اور فلپائن سمیت مختلف ممالک کے نمائندے اور ویسٹرن کیپ پولیس محتسب کے نمائندے شامل تھے۔

دورے کے دوران غیر ملکی مندوبین نے شاہی قلعہ لاہور، بادشاہی مسجد، ایچی سن کالج اور واہگہ بارڈر کا دورہ کیا۔ انہوں نے لاہور کی تاریخی عمارتوں، دلکش طرزِ تعمیر اور ثقافتی روایات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

مندوبین کا کہنا تھا کہ لاہور کی تاریخ اور ثقافت سے براہِ راست آگاہی نے ان کے دورے کو مزید بامقصد بنا دیا۔ اس تجربے کے ذریعے انہیں پاکستان کی تاریخ، ثقافتی تنوع اور لاہور کی روزمرہ زندگی کی رونقوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔

شرکاء نے اس امر پر بھی زور دیا کہ ایسے ثقافتی دورے مختلف ممالک اور اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر باہمی احترام، افہام و تفہیم اور دیرپا دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

دفتر محتسب پنجاب کی 30ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ یہ سرگرمی بین الاقوامی تعاون کے ساتھ پاکستان کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی کوششوں کا حصہ تھی۔ لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر نے غیر ملکی مندوبین کو پاکستان کی تہذیبی شناخت اور مہمان نوازی سے روشناس کرایا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button