پاکستانتازہ ترین

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان 20 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان کے پانی کو ریڈ لائن قرار دینے کا اعلان، مالدیپ کو ایک لاکھ زیتون کے پودے اور ایک لاکھ بیج فراہم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور اگلے دو سال میں باہمی تجارت کا حجم ایک کروڑ 34 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 20 کروڑ ڈالر تک پہنچانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 20 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) کا تبادلہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا واضح موقف ہے کہ پانی ہماری ریڈ لائن ہے اور پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے بھارتی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ معاہدوں پر عمل درآمد تمام ممالک کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 11 سال بعد مالدیپ کے کسی صدر کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ پاکستانی ڈاکٹرز اور طبی عملہ مالدیپ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ مالدیپ کے طلبہ بھی پاکستانی تعلیمی اداروں سے استفادہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت میں اضافے کے لیے کوششیں تیز کریں گے اور پاکستان مالدیپ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اضافے کا عزم

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کی ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، سیاحت، غذائی تحفظ، ادویات اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے براہ راست فضائی رابطوں کے قیام، فضائی اور بحری روابط بہتر بنانے اور مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان نے مالدیپ کو ضروری غذائی اشیا اور ادویات فراہم کرنے کے لیے بھی آمادگی ظاہر کی، جس کے لیے دونوں حکومتوں کے درمیان براہ راست انتظامات کیے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم نے مالدیپ کے طلبہ کے لیے ہر سال مزید 20 انڈرگریجویٹ اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ صحت، پیشہ ورانہ تربیت اور اداروں کی استعداد بڑھانے کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مالدیپ کے شجرکاری منصوبے میں پاکستان کا تعاون

مالدیپ کے صدر کے پانچ ملین درخت لگانے کے اقدام کے تحت وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ پاکستان اگلے 12 ماہ کے دوران مالدیپ کو ایک لاکھ زیتون کے پودے اور مختلف اقسام کے ایک لاکھ بیج فراہم کرے گا۔ ان کی فراہمی متعلقہ پودوں کی موسمی دستیابی کے مطابق کی جائے گی۔

پاکستانی ماہرین مالدیپ میں نرسریاں قائم کرنے میں معاونت بھی فراہم کریں گے۔ اس تعاون کے ذریعے تین سال میں مجموعی طور پر 10 لاکھ پودے تیار کرنے میں مدد دی جائے گی۔

20 مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے متعدد شعبوں میں شراکت داری

دونوں ممالک کے درمیان تبادلہ کی گئی 20 مفاہمتی یادداشتوں میں صحت، تعلیم، تکنیکی تربیت، سیاحت، شہری ہوا بازی، زراعت، ماہی گیری، دفاع، بحری سلامتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول سروس، سماجی تحفظ، ثقافت اور نوجوانوں سے متعلق شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے معاہدوں پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں۔

فلسطین اور علاقائی سلامتی پر مشترکہ مؤقف

ملاقات کے دوران پاکستان اور مالدیپ نے امن، مذاکرات، خودمختاری کے احترام اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے مالدیپ کے اصولی مؤقف کو سراہا۔

وزیراعظم نے جموں و کشمیر تنازع، سندھ طاس معاہدے اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف بھی پیش کیا۔ دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مالدیپ کے صدر کو اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو سیاست اور بین الاقوامی تعلقات کے شعبے میں اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری دی گئی۔ یہ اعزاز ان کی قیادت، عوامی خدمات اور مالدیپ کی ترقی کے لیے کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے مالدیپ پاکستان بزنس فورم میں مالدیپ کے کاروباری وفد کی شرکت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ کاروباری روابط سے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ مالدیپ کے صدر نے پرتپاک استقبال پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button