
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح معاشی استحکام کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط بنانا اور اسے سرمایہ کاری و برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی میں تبدیل کرنا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، نجی شعبے کی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع پر ورلڈ بینک کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے لیے خوشحالی کے شعبے کے علاقائی ڈائریکٹر سندیپ مہاجن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ڈویژن ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب پیش رفت اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے سے متعلق ترجیحات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ورلڈ بینک کے نمائندوں نے معاشی شعبے میں حاصل ہونے والی پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے اصلاحات کا تسلسل جاری رکھنے اور ان پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشی استحکام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے ساتھ سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
این ڈی ایم اے حکام سے بھی وزیر خزانہ کی ملاقات
دریں اثنا، سینیٹر محمد اورنگزیب نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور نئے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل حسن خٹک سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، موسمیاتی خطرات کے مقابلے کی صلاحیت بہتر بنانے اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے قومی استعداد مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو میں آفات سے نمٹنے کے لیے مؤثر تیاری اور موسمیاتی خطرات کے پیش نظر ادارہ جاتی صلاحیت میں بہتری کی اہمیت بھی زیر بحث آئی۔



