اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی (ویب ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی اور دہشت گرد جہاں بھی موجود ہوں گے، انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشن کے دوران خاتون سمیت 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورت حال، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فوجی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی اہلکار خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے چوکس رہیں اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شہدا، غازیوں اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے نظریات کو شکست دے گا۔
پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
گوادر میں کلیئرنس آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گوادر شہر، گبد بارڈر کراسنگ اور گردونواح میں دہشت گردی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے کارروائیاں کیں۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران خاتون سمیت 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں ایک شہری شہید ہوا، جبکہ چند گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گوادر میں آپریشن مکمل ہونے کے بعد امن و امان اور ریاستی عملداری بحال کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردوں کا مقصد بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کی کوششوں کو نقصان پہنچانا تھا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ حملے میں خاتون کو استعمال کرنا بلوچ خواتین کے وقار کے منافی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد خواتین کو اپنے پروپیگنڈے اور عوامی جذبات بھڑکانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
ترجمان نے عزم ظاہر کیا کہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے گوادر میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے اور 10 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کے امن و استحکام کے خلاف سازشیں صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے امن کا قیام ناگزیر ہے۔
آصف علی زرداری نے بلوچ خواتین کے وقار کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی بھی مذمت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گوادر میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور حملے کے دوران ایک شہری کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں اور اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔



