انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

امت کو انتہاپسندی اور تکفیری نظریات سے بچانے کے لیے علما مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں: حافظ نعیم الرحمان

استنبول (ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو اندرونی اختلافات، فرقہ واریت، انتہاپسندی، عدم برداشت اور تکفیری نظریات سے محفوظ رکھنے کے لیے دنیا بھر کے علمائے کرام کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ مسلم ممالک کے درمیان کشیدگی اور تنازعات کا خاتمہ مکالمے، باہمی تعاون اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ صیہونیت امت مسلمہ کے باہمی اختلافات سے فائدہ اٹھا کر مسلمانوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا چاہتی ہے، ہمیں اتحاد و اتفاق کے ذریعے اس سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے استنبول میں اتحاد العالمی للعلماء المسلمین کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات پر قرآن و سنت کی روشنی میں واضح اور متفقہ پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ دنیا بھر میں آباد مسلم اقلیتوں کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کی اجتماعی آواز مؤثر بنانے کے لیے عالمی پلیٹ فارم قائم کیا جانا چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی نے کانفرنس کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امت مسلمہ کو درپیش بنیادی مسائل پر غور و فکر کے لیے مسلم دنیا کی قیادت اور علمائے کرام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے۔ یہ مسائل صرف ہمارے ماضی سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ ہمارے حال، مستقبل اور پوری انسانیت کے سامنے ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داریوں سے بھی وابستہ ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام نے ہمیں ایک عالمی امت کا تصور دیا ہے اور ایمان کی بنیاد پر اخوت و بھائی چارے کا ایسا رشتہ قائم کیا ہے جو نسل، رنگ، قومیت اور زبان کی تمام تفریق سے بالاتر ہے۔ اس وقت امت مسلمہ سنگین چیلنجز سے گزر رہی ہے اور مسلمان سکالرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی رہنمائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی بین الاقوامی کانفرنسز کے ذریعے مسلمان حکمرانوں اور امت مسلمہ کو واضح لائحہ عمل اور پیغام دیا جانا چاہیے تاکہ موجودہ مشکلات سے نکلنے کی راہ ہموار ہو سکے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمیں دشمنوں کے اس جال میں نہیں پھنسنا چاہیے جو فرقہ وارانہ تعصبات، محدود سوچ اور خود غرضانہ مفادات کی بنیاد پر امت کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے خطے میں مسلم ممالک کے درمیان لڑائی اور کشیدگی بھی فرقہ وارانہ تعصبات اور محدود قومی مفادات کا نتیجہ ہے، جس میں امت مسلمہ کے مشترکہ مفادات کو قربان کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان دشمنی اور کشیدگی ختم کرنے کے لیے امن، استحکام اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔ تنازعات کے حل اور باہمی اعتماد کی بحالی کے لیے مکالمے اور بات چیت کی روایت کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے پاکستان میں فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ہونے والی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم پر جمع ہوئے اور 70 نکاتی ضابطہ اخلاق پر دستخط کیے۔ اس تجربے سے ثابت ہوتا ہے کہ مکالمے، باہمی احترام اور اتفاق رائے کے ذریعے بڑے اختلافات اور تنازعات حل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرز عمل کو مسلم ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے اور تنازعات کے خاتمے کے لیے بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات اور اصولوں کی بنیاد پر امت کو مضبوط بنانے، اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے اور تقسیم کا باعث بننے والے امور سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے علمائے کرام کی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امت کو درپیش مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے اور بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں اجماع کی صورت پیدا کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے دنیا بھر میں آباد مسلم اقلیتوں کے مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک میں بڑی تعداد میں مسلمان اقلیتوں کی حیثیت سے زندگی گزار رہے ہیں۔ کانفرنس میں بھارت سے بھی ممتاز علمائے کرام شریک ہیں۔ ہمیں سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا کہ دنیا بھر میں آباد مسلم اقلیتوں کے مسائل کس طرح حل کیے جائیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر عالمی آواز کیسے بلند کی جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button