پاکستانتازہ ترین

پاک فوج کا افغان طالبان کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب، متعدد چوکیاں تباہ، اہلکاروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات

انگور اڈہ میں فائرنگ کے جواب میں کارروائی، خاران میں 5 ڈرون مار گرائے گئے، لکی مروت، بنوں اور باجوڑ میں فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید

اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ (ویب ڈیسک) پاک فوج نے انگور اڈہ کے مقام پر افغان طالبان کی مبینہ بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیتے ہوئے متعدد چوکیاں اور فوجی تنصیبات تباہ کر دیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے جنوبی وزیرستان اور پارا چنار سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں طالبان اہلکاروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بھاری ہتھیاروں سے کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کو اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔ کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی دفاع اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سکیورٹی فورسز قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ضلع خاران میں ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے منسوب دہشت گردوں نے علاقے البٹ میں قائم چیک پوسٹ کو کم درجے کے ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے پانچوں ڈرونز ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرائے۔

ذرائع کے مطابق واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ادھر خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع لکی مروت، بنوں اور باجوڑ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق باجوڑ میں تھانہ برنگ کی سیلئی پٹی پولیس پوسٹ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ بنوں کے علاقے برماشل چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا اہلکار بھی شہید ہوگیا۔

اسی طرح لکی مروت کے علاقے شہباز خیل میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا گیا، جس کے دوران دونوں مسلح افراد ہلاک ہوگئے۔

مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ان واقعات کے بعد سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔


Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button