تازہ ترینعلاقائی خبریں
لیبر کوڈ کیخلاف مزدور تنظیموں کا نیشنل پارٹی سے رابطہ، تحفظات ،مطالبات پیش
پارلیمنٹ ، سینیٹ ، بلوچستان اسمبلی سمیت مختلف فورم پر لیبر کوڈ اور مزدوروں کے دیگر مسائل پر آواز بلند کریں: سلطان خان

کوئٹہ :(وی او این) بلوچستان حکومت اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی جانب سے بلوچستان لیبر کوڈ کی تیاری کے اہم عمل میں مزدوروں کے حقیقی نمائندوں کو اعتماد میں لیے بغیر اور واپڈا کے ایک سرکاری ملازم کو مزدوروں کا نمائندہ مقرر کرنے پر آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے صدر سلطان محمد خان کی قیادت میں ٹریڈ یونین نمائندوں پر مشتمل رابطہ کمیٹی کے وفد نے نیشنل پارٹی کے لیبر سیکرٹری داد محمد بلوچ سے ملاقات کی۔

اس دوران مجوزہ لیبر کوڈ کے حوالے سے مزدور تنظیموں کے تحفظات، خدشات اور مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سلطان محمد خان، عبدالستار، شاہ علی بگٹی، منظور احمدبلوچ، عبدالغفار جمالی، شاہنواز زہری، حافظ عصمت اللہ، عمر حیات، اسلم بنگلزئی، نیاز جاموٹ، عبدالستار جونیئر، عبدالحلیم خان اور عبدالشکور بلوچ سمیت دیگر مزدور رہنمائوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے نمائندوں نے داد محمد بلوچ کو مجوزہ بلوچستان لیبر کوڈ کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مزدوروں سے متعلق کسی بھی قانون سازی سے قبل حقیقی نمائندہ مزدور تنظیموں اور فیڈریشنز کو اعتماد میں لینا ناگزیر ہے۔
رابطہ کمیٹی کے نمائندوں نے واضح کیا کہ مزدوروں کی نمائندہ تنظیموں کو مشاورت کے عمل سے باہر رکھ کر اہم قانون سازی کرنا کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی جبکہ رابطہ کمیٹی نمائندوں نے نیشنل پارٹی کے لیبر سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ وہ پارلیمنٹ سمیت تمام متعلقہ فورمز پر مزدوروں کی آواز بنیں اور رابطہ کمیٹی کے تحفظات و مطالبات نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت، بالخصوص ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سینیٹ، قومی اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں پارٹی کے نمائندوں تک پہنچائیں، تاکہ مزدور طبقے کے حقوق کا موثر دفاع یقینی بنایا جا سکے۔
ملاقات کے دوران داد محمد بلوچ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ نیشنل پارٹی مزدوروں، کسانوں، محنت کشوں اور عام عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور ماضی میں بھی ہر فورم پر محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے، نیشنل پارٹی آئندہ بھی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مطالبات کی حمایت میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
داد محمد بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ جب بلوچستان میں پہلے ہی سے لیبر قوانین اور ایکٹ موجود ہیں تو ایسے میں نئے بلوچستان لیبر کوڈ کی ضرورت، اس کے اغراض و مقاصد اور موجودہ قوانین کے ساتھ اس کی مطابقت پر سنجیدہ بحث اور تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت ضروری ہے۔ داد محمد بلوچ نے یقین دلایا کہ رابطہ کمیٹی کی جانب سے پیش کیے گئے تمام تحفظات اور مطالبات پارٹی کی مرکزی قیادت کے سامنے رکھے جائیں گے، جبکہ جلد ہی رابطہ کمیٹی کی نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت سے ملاقات کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔



