پاکستانتازہ ترین

ڈپٹی کمشنرز کو ہسپتالوں کی بہتری کیلئے 3 دن کی مہلت، انتظامیہ کی لاپرواہی سے میری ساکھ متاثر ہوتی ہے: مریم نواز

پنجاب میں گورننس بہتر بنانے کیلئے خصوصی سکواڈ قائم کرنے کا فیصلہ، سٹریٹ لائٹس، مین ہولز، صفائی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کی سو فیصد تکمیل کا حکم

لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہسپتالوں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے تین دن کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ ہسپتالوں کے دورے کریں اور عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور انتظامیہ کی لاپرواہی سے میری ساکھ پر حرف آتا ہے، اس لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری توجہ اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ اور معاون خصوصی شعیب مرزا نے تمام اضلاع کی کارکردگی سے متعلق کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے مری، گوجرانوالہ، اٹک، بہاولپور، چکوال، جہلم، لیہ اور ساہیوال کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو شاباش دی، جبکہ بعض اضلاع میں بیوٹیفکیشن منصوبوں کی تکمیل اور معیار میں غفلت پر برہمی کا اظہار کیا۔

مریم نواز نے فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات پر مکمل کنٹرول کرنے کا حکم دیا اور اوکاڑہ سمیت دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے مؤثر اقدامات نہ کرنے پر وارننگ دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں میں پائیداری اور معیار کو ترجیح دی جائے اور ہر منصوبے میں فواروں سمیت دیگر واٹر فیچرز بھی شامل کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے گورننس اور سڑکوں کی دیکھ بھال کیلئے خصوصی سکواڈ قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سکواڈ 12 گھنٹوں کے اندر انسپکشن اور مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرے گا۔ انہوں نے سٹریٹ لائٹس کو 100 فیصد فعال رکھنے، تمام مین ہولز کو کور کرنے، زیبرا کراسنگ بنانے اور سکولوں کے اطراف ٹریفک و طلبہ کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت، جنرل بس ٹرمینلز اور گرین بس شیڈز کی تعمیر و مرمت اور صفائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خالی پلاٹوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے پر مالکان کو پہلی مرتبہ وارننگ دی جائے گی، دوسری مرتبہ بھاری جرمانہ عائد ہوگا جبکہ تیسری مرتبہ خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب کو تجاوزات سے پاک بنانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مشترکہ آپریشن کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دیواروں سے وال چاکنگ، کٹے پھٹے بینرز اور غیر ضروری اشتہارات ہٹانے، ہسپتالوں کی ڈیپ کلیننگ اور سڑکوں کی روزانہ دھلائی یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ صوبے بھر میں آوارہ کتوں پر قابو پانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ سڑکوں پر واضح لین مارکنگ، عمارتوں پر مناسب پینٹ اور صاف ستھری شاہراہیں کسی بھی شہر کا اچھا تاثر قائم کرتی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز یونیورسٹیوں اور کالجوں میں جا کر طلبہ کو حکومتی ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں کے بارے میں آگاہ کریں۔ انہوں نے ہر ڈپٹی کمشنر کو اپنے ضلع کی معاشی ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ اکنامک پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں خانیوال کے اکبر بازار، مین بازار میاں چنوں اور اللہ داد بازار جہانیاں کے بیوٹیفکیشن منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ شیخوپورہ کے مین بازار، اکبر بازار، ہمایوں بازار، چھوٹا اڈہ بازار اور صفدرآباد بازار سمیت شرقپور اور مریدکے کے منصوبوں پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر کو شاندار بیوٹیفکیشن منصوبوں پر شاباش دی اور ایمن آباد، کامونکی اور نوشہرہ ورکاں میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ننکانہ صاحب میں چار بیوٹیفکیشن پلان نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ راولپنڈی کے پانچ منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے گرین بیلٹس کی بہتری پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا گیا۔

مریم نواز نے ڈپٹی کمشنر گجرات کو نئی سکیمیں منصوبوں میں شامل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ رحیم یار خان میں بیوٹیفکیشن منصوبوں کی سکیمیں اصل منصوبہ بندی سے مختلف ہونے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے فوڈ سٹریٹس اور فوڈ کارٹس کے انتظامات بہتر اور اہل افراد و کمپنیوں کے سپرد کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں ای بز، کتوں کے کاٹنے کے واقعات، ستھرا پنجاب پروگرام، ہسپتالوں، سکولوں اور دیگر عوامی سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پرائس کنٹرول، روڈ اینڈ سٹریٹ سیفٹی، ڈویلپمنٹ مانیٹرنگ، ریگولیشن اینڈ انفورسمنٹ، اربن آرڈر، کلین اینڈ گرین پنجاب، عوامی مقامات اور شہری خدمات سے متعلق رپورٹس پیش کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران کو سراہا جبکہ ناقص کارکردگی پر متعلقہ افسران کو وارننگ دی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکپتن کے قریب بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی مسافروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button