کراچی (وی او این ) امریکہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جدید مرکزی بینکاری نیٹ ورک اور سافٹ ویئر پر مبنی ڈیٹا سینٹر کی کامیاب تنصیب کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کے مالیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اس سلسلے میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی سسکو سسٹمز پاکستان کی اعلیٰ قیادت کے ہمراہ اسٹیٹ بینک کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جدید مرکزی بینکاری نیٹ ورک اور ڈیٹا سینٹر کی تنصیب مکمل ہونے پر خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
یہ کثیرالمالیاتی منصوبہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی سسکو کے اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے، جس کے تحت اسٹیٹ بینک کے لیے محفوظ، جدید اور لچکدار ڈیجیٹل نظام قائم کیا گیا ہے۔ منصوبے کا بنیادی مقصد ملک کے اہم مالیاتی ڈھانچے کو تحفظ فراہم کرنا، مالیاتی استحکام کو مضبوط بنانا اور ڈیجیٹل بینکاری خدمات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ جدید مالیاتی نظام کے استحکام کے لیے قابلِ اعتماد اور محفوظ ٹیکنالوجی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی روابط کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک کا بنیادی ڈھانچہ کسی بھی قوم کی اہم امانت ہوتا ہے، جو اقتصادی استحکام اور عوام کے اعتماد کا محور بنتا ہے۔
نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے امریکی صنعت اور ٹیکنالوجی پر اعتماد کا اظہار معیار، تحفظ اور طویل المدتی پائیداری کی جانب اہم قدم ہے۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ تجارتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستانی اداروں کو امریکی جدت اور عالمی معیار کی ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور سسکو کے کنٹری جنرل منیجر کاشف الحق نے دونوں اداروں کی مشترکہ تکنیکی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیچیدہ نظام کی تنصیب اور ڈیٹا کی منتقلی کا عمل اسٹیٹ بینک کی روزمرہ سرگرمیوں کو متاثر کیے بغیر کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
تقریب کو نجی شعبے کے اشتراک، محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے فروغ اور پاکستان و امریکہ کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری کے روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی قرار دیا گیا۔



