پاکستانتازہ ترین

دنیا آخرت کی کھیتی ہے، جو بوئیں گے وہی کاٹیں گے، اپنے گھروں میں اسلام نافذ کریں: علما

رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب، نماز کی پابندی، قرآن پاک کی تلاوت، حسن اخلاق اور اصلاحِ معاشرہ پر زور

لاہور (سلمان حسین) رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عمر فاروق، مولانا ضیاء الحق، مولانا ربیع الحق آف بنگلہ دیش، مولانا محمد اسماعیل گودرہ، مولانا عبدالرحمان آف بمبئی اور دیگر علمائے کرام نے کہا ہے کہ نیکی کی دعوت دینا اور برائی سے روکنا ہی امر بالمعروف و نہی عن المنکر ہے۔ معاشرے کی اصلاح کے لیے سب سے پہلے اپنی اصلاح ضروری ہے۔

علمائے کرام نے کہا کہ آج مسلمان ذلت و رسوائی، پریشانیوں اور مختلف آزمائشوں میں مبتلا ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ اپنے رب سے تعلق کمزور کرنا ہے۔ انسان اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرنے کے بجائے صرف ظاہری اسباب پر یقین کرکے اپنی دنیا و آخرت تباہ کر رہا ہے۔ اپنے حقیقی خالق کو راضی کرلیں تو حالات کی بہتری کے راستے خود بخود کھل جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے اخلاق، معاملات اور معاشرت کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ اغیار کی نقالی چھوڑ کر آقائے کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی اطاعت اختیار کرنے ہی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ اگر ہر مسلمان اپنا عقیدہ درست کرلے تو اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا نزول شروع ہو جائے گا۔ اللہ تعالیٰ سے سب کچھ ہونے اور مخلوق سے کچھ نہ ہونے کا یقین پیدا کرنے کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔

علمائے کرام نے زور دیا کہ اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط بنانے اور اسے راضی کرنے کے لیے نماز کو لازمی پکڑیں۔ دکھ، تکلیف اور ہر حاجت کے لیے اپنے رب کو پکاریں اور اسی سے مدد مانگیں، کیونکہ وہی سننے والا، مشکل کشا اور حاجت روا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے، یہاں جو کچھ بوئیں گے، آخرت میں وہی کاٹیں گے۔ اپنی اولاد اور مال کو دین کے لیے وقف کریں، اپنے گھروں میں اسلام نافذ کریں اور اپنے دلوں کو قرآن حکیم کی تلاوت سے روشن رکھیں۔ دنیا میں آنے کی ترتیب تو ہے لیکن جانے کی کوئی ترتیب نہیں۔ آج جوان اولاد کو اپنے بوڑھے والدین کو کندھا دیتے دیکھا جا رہا ہے، اس لیے وقت کی قدر کریں، مساجد آباد کریں، نیک اعمال کریں اور مسلمانوں کی قدر کریں۔

علمائے کرام کا کہنا تھا کہ اچھے اخلاق اپنانے والا روزِ محشر نبی مکرم ﷺ کے ساتھ ہوگا۔ اپنے اخلاق، معاملات اور اعمال کی بہتری کے لیے دینی ماحول اختیار کریں، مساجد میں وقت گزاریں، اپنی اولاد کو دین کی تعلیم دیں اور نماز کی پابندی کو معمول بنائیں۔ اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے لیے رات کی تنہائیوں میں اٹھیں اور تہجد کا اہتمام کریں، اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پھیلی افراتفری، آفات اور مصائب کی بڑی وجہ دینِ محمدی ﷺ سے دوری ہے۔ انسان اپنی کامیابی مال و دولت میں تلاش کر رہا ہے اور دولت کمانے کے لیے حلال و حرام کی تمیز بھی ختم کرتا جا رہا ہے۔ قرآن حکیم میں اللہ رب العزت نے زمانے کی قسم کھا کر واضح فرمایا ہے کہ بے شک انسان خسارے میں ہے، سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لائے، نیک اعمال کیے اور حق و صبر کی تلقین کرتے رہے۔

علمائے کرام نے کہا کہ دنیاوی کامیابی کو صرف مال و دولت میں سمجھنے والے حقیقت سے ناواقف ہیں، اصل کامیابی نیک اور صالح اعمال میں ہے۔ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لیے دین کے کاموں میں حصہ لینا اور اس کی مخلوق کی خدمت کرنا ضروری ہے۔ رات کی تاریکیوں میں اپنے رب کو منانے اور دن کی روشنی میں اس کی مخلوق کی خدمت کرنے سے کامیابی کے راستے کھلتے ہیں۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے، اس لیے اسے قیمتی بنائیں، نیک اعمال کریں، دلوں میں اللہ تعالیٰ کا خوف اور مخلوق کی خدمت کا جذبہ پیدا کریں، یہی دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button