چشمہ 5 سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ، تعمیر سے سستی بجلی دستیاب ہوگی، وزیراعظم
پاکستان اور چین کی دوستی کا ایک اور تاریخی سنگ میل، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ کے ڈوم کی تنصیب مکمل، منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے فعال ہونے کی امید، فیلڈ مارشل عاصم منیر، چینی حکام اور اعلیٰ شخصیات کی تقریب میں شرکت
میانوالی، اسلام آباد، انطالیہ (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ (چشمہ۔5) کے ڈوم کی تنصیب پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اور مشترکہ عزم کا قابلِ فخر سنگ میل ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کو صاف، قابلِ اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کے ساتھ توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، توانائی کے شعبے میں خودکفیل اور ماحول دوست ملک بنانے کے لیے اپنے وسائل اور انسانی سرمائے سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ کی ڈوم پلیسمنٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی فائیو (C-5) کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کے ساتھ منصوبے کی تعمیر میں اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ تقریب میں وزیراعظم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چین کے حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس تاریخی موقع پر چشمہ۔5 کے ڈوم کی تنصیب کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے جو چین کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ جولائی 2023ء میں اسی مقام پر منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔ اس وقت یقین ظاہر کیا تھا کہ پاکستان کسی کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ اپنی محنت اور انتھک کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا۔ آج ساڑھے تین سال سے بھی کم عرصے میں مقررہ وقت سے پہلے ڈوم کی تنصیب اس عزم کی عملی عکاسی ہے۔
انہوں نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن اور محنت سے یہ اہم سنگِ میل حاصل ہوا ہے۔ انہیں اعتماد ہے کہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ منصوبہ ان شاء اللہ مقررہ وقت سے پہلے فعال بھی ہو جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بظاہر یہ منصوبہ اسٹیل اور کنکریٹ کی تعمیرات پر مشتمل ہے، لیکن پاکستان کے عوام کے لیے یہ صاف، قابلِ اعتماد اور سستی بجلی کی فراہمی کی ضمانت ہے۔ ایسی بجلی جو درآمدی ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر نہ ہو اور نہ ہی اس کی پیداوار سورج کی روشنی یا ہوا کی دستیابی سے مشروط ہو۔ یہ بجلی رات بھر فیکٹریوں کو رواں رکھے گی، ہسپتالوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی اور طلبہ کو روشنی میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ پاکستان اور اس کی معیشت کے لیے توانائی کے تحفظ کا یہی حقیقی مفہوم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان کی خصوصی ذمہ داری ہے کہ توانائی کے ایسے حل اختیار کرے جو معاشی مقاصد کے حصول کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی یقینی بنائیں۔ انہیں امید ہے کہ یہ منصوبہ جلد خوابوں کو امید اور امید کو حقیقت میں بدل دے گا۔
انہوں نے ملکی ترقی کے لیے امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قوم اپنے حال کو محفوظ بنائے بغیر خوشحال مستقبل تعمیر نہیں کر سکتی۔ پاکستان کی ترقی کی بنیاد وہ امن اور استحکام ہے جسے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پرعزم قیادت میں پوری قوم نے مسلح افواج کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر متزلزل عزم کا مشاہدہ کیا۔ یہی عزم ایسا سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے جس میں پاکستان اپنے معاشی اہداف حاصل کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ترقی کی رفتار تیز کرنے کے قابل ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے ملکی معیشت کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مشترکہ اقدامات میں فیلڈ مارشل کی فعال حمایت کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے چین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چشمہ۔5 پاکستان میں چین کے تعاون سے تعمیر ہونے والا ساتواں نیوکلیئر پاور یونٹ ہے۔ ان میں سے ہر منصوبہ ایسی دوستی کا زندہ ثبوت ہے جو مشکل ترین حالات اور خوشحالی کے ادوار میں بھی کبھی متزلزل نہیں ہوئی۔
انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ، چینی حکومت اور چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی انجینئرز نے شدید گرمی اور سردی میں پاکستانی انجینئرز کے شانہ بشانہ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور سونے و ہیرے سے زیادہ قیمتی ہے۔ یہ دوستی اسٹیل سے بھی زیادہ مضبوط ہے، حتیٰ کہ اس ڈوم کو جوڑنے والے اسٹیل سے بھی زیادہ مضبوط ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ۔5 کا ڈوم دنیا کے سامنے دونوں ملکوں کی منفرد دوستی کی نمایاں علامت کے طور پر موجود رہے گا۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوتے ہوئے یہ منصوبہ دونوں ملکوں کی شراکت داری کی حقیقی قوت کی عکاسی کرتا ہے، جو اقتصادی مواقع پیدا کرنے اور عوام کے روشن مستقبل کی تعمیر میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی، چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن، پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی، مالیاتی اداروں، انجینئرز، کنٹریکٹرز اور منصوبے سے وابستہ تمام افراد کو اس اہم سنگِ میل پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے میانوالی کے عوام کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چشمہ ان کا اور پورے پاکستان کا فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ دستیاب وسائل، ٹیکنالوجی اور ہر شہری کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسا پاکستان تعمیر کریں جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناحؒ نے دیکھا تھا۔ ایک ایسا پاکستان جو معاشی طور پر مضبوط، توانائی کے شعبے میں خودمختار اور ماحولیاتی اعتبار سے مستحکم ہو۔
وزیراعظم کا ترکیہ میں دھماکے پر اظہارِ افسوس
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر ازمیر کے علاقے علی آغا میں آئرن اینڈ اسٹیل پلانٹ میں دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس افسوسناک سانحے پر اپنے عزیز بھائی صدر رجب طیب اردوان، جاں بحق افراد کے لواحقین اور برادر ملک ترکیہ کے عوام سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کوپ۔31 اجلاس میں شرکت کے لیے انطالیہ پہنچ گئے
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (UNFCCC) کے تحت منعقد ہونے والی فریقین کی 31ویں کانفرنس (کوپ۔31) کے عالمی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکیہ کے نائب وزیر برائے ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی، ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات اجاگر کرنے کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات اور طے شدہ اصولوں کے مطابق بین الاقوامی تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیں گے۔
وہ مستقبل کے لیے قابلِ تجدید توانائی کی جانب منتقلی اور بجلی کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطحی مکالمے سے بھی خطاب کریں گے۔ سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سمیت مختلف عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
کوپ۔31 کے دوران پاکستان پویلین بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں مختلف موضوعات پر 54 تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ گزشتہ کوپ کانفرنسوں میں پاکستان کی اہم کامیابیوں میں فعال موسمیاتی سفارت کاری شامل ہے، جس کے نتیجے میں کوپ۔27 کے دوران لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ (نقصانات اور تباہ کاریوں سے متعلق فنڈ) کی منظوری ممکن ہوئی۔



