پاکستانتازہ ترینسپورٹس

پنڈی ٹیسٹ: چوتھے دن بھی خراب موسم کا راج، ثاقب خان کی ڈیبیو پر 7 وکٹیں، میچ ڈرا کی جانب گامزن

پاکستان کی دوسری اننگز میں 57 رنز پر ایک وکٹ، سری لنکا پر 45 رنز کی برتری

راولپنڈی (رپورٹ: محمد قیصر چوہان) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ کا چوتھا دن خراب روشنی اور بارش کی نذر ہو گیا۔ پورے دن میں صرف 40.4 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، جس کے بعد میچ ڈرا کی طرف بڑھتا دکھائی دیتا ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایمپائرز نے خراب روشنی کے باعث کھیل روکا تو پاکستان نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 57 رنز بنا لیے تھے اور اسے سری لنکا پر 45 رنز کی برتری حاصل تھی۔ بعد ازاں بارش کے باعث کھیل جلد ختم کر دیا گیا۔

ثاقب خان کی تباہ کن بولنگ

سری لنکا نے چوتھے دن کا آغاز 404 رنز پر 4 وکٹوں سے کیا، مگر پاکستانی بولرز نے شاندار واپسی کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 446 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ مہمان ٹیم چوتھے روز صرف 42 رنز کا اضافہ کر سکی اور 6 وکٹیں گنوا بیٹھی، یوں اسے پاکستان پر 12 رنز کی برتری ملی۔

میڈیم فاسٹ بولر ثاقب خان نے پہلے ہی اوور میں دھننجیا ڈی سلوا کو اسکور میں اضافے کے بغیر آؤٹ کر دیا۔ ڈی سلوا نے گزشتہ روز 167 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور کپتان کوشال مینڈس کے ساتھ 249 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا تھا۔

تیسرے دن کے اختتام پر 117 رنز پر ناٹ آؤٹ کھیلنے والے کوشال مینڈس صرف دو رنز کے اضافے کے بعد ثاقب خان کا شکار بنے۔ ثاقب نے اس کے بعد سونل دینوشا (20 رنز)، لاہیرو کمارا (صفر) اور اسیتھا فرنانڈو (4 رنز) کو بھی پویلین بھیجا۔

ڈیبیو پر 7 وکٹیں، نایاب اعزاز

ثاقب خان ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔ ان سے قبل محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ ان کے علاوہ محمد عباس نے 2 اور فاسٹ بولر رضا اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی دوسری اننگز

دوسری اننگز میں اوپنر طیب عارف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد طحہٰ 24 اور اذان اویس 22 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پہلی اننگز پر ایک نظر

پاکستان نے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 434 رنز پر 9 کھلاڑی آؤٹ کے مجموعے پر ڈکلیئر کی تھی۔

  • سعود شکیل: 93 رنز
  • طیب عارف (ڈیبیو): 57 رنز
  • عرفات منہاس: 52 رنز
  • محمد طحہٰ: 51 رنز
  • بابر اعظم: 50 رنز
  • غازی غوری: 48 رنز

سری لنکا کی طرف سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button