لاہور (بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خوشحال دیہات پروگرام کے تحت صوبے کے ہر گاؤں میں ترقیاتی کاموں کے لیے 5 کروڑ روپے دینے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 475 دیہات میں ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔
پروگرام کے لیے 23 ارب 85 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ دیہات کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل خوشحال دیہات کمیٹی کے ذریعے کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ کمیٹی کی سربراہی متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز کریں گے۔ کمیٹی میں پانچ سرکاری اور چار نجی ارکان شامل ہوں گے، جبکہ چیئرمین یونین کونسل اور متعلقہ سب انجینئر کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
مریم نواز نے نومبر تک خوشحال دیہات کمیٹیوں کو گرانٹ کی پہلی قسط جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے دوسرے مرحلے میں 2 ہزار دیہات کے ترقیاتی منصوبوں کا پلان بھی طلب کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر گاؤں میں پکی گلیاں اور سیوریج کا منظم نظام ان کا عزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر ہوں یا دیہات، اب پنجاب میں ہر جگہ ترقی یکساں ہوگی۔ ترقی کے سفر میں سب شامل ہیں اور سیاسی وابستگی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ ترقیاتی پروگرام اور مسائل کا حل پنجاب کے ہر علاقے کا حق ہے۔
ذیابیطس کے عالمی دن پر پیغام
دوسری جانب مریم نواز نے ذیابیطس کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ذیابیطس ایک خاموش دشمن ہے، جس پر احتیاط، آگاہی اور نظم و ضبط پر مبنی طرز زندگی اپنا کر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح اس بیماری کے خلاف مزید مؤثر اقدامات کی متقاضی ہے اور اس کا تیزی سے پھیلاؤ تشویش کا باعث ہے، تاہم اجتماعی کوششوں سے اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب یہ حق ہر شہری کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کو انسولین کٹس ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
شمالی وزیرستان آپریشن، شہداء کو خراج عقیدت
مزید برآں وزیراعلیٰ نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے میر علی، علی خیل، دتہ خیل اور گردونواح میں 2 افغان شہریوں سمیت 12 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔



