
نیا سال آئے گا، نیا نظام لائے گا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف بھی خبریں بریک کرنے کے ماہر ہیں اسی لیے اہم ہیں، وہ اپنے مخصوص انداز میں ذومعنی باتیں بھی کر جاتے ہیں اور کھلی ڈھلی باتوں کے ذریعے بھی اپنا موقف بیان کرنے کے ماہر ہیں ۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ بھی اپنے مخصوص انداز میں حکومت کا دفاع بھی کرتے ہیں اور اشاروں کنایوں میں اپنا درد بھی بیان کر دیتے ہیں لیکن آج کل تو وزیر داخلہ محسن نقوی کا طوطی بولتا ہے، ان کی گڈی خوب چڑھی ہوئی ہے اور بڑے بڑے بااثر افراد بھی ان کی ہوا کو نہیں چھو سکتے۔

نئے نظام میں اصل میں کیا ہونے والا ہے اور کس کس کو ری سیٹ کرنا ہے، یہ راز یا تو وقت کے سینے میں دفن ہے یا پھر محسن نقوی کو پتہ ہے، باقی سب تو بس ٹامک ٹوئیاں مار رہے ہیں۔ ہر کوئی خود کو اہم ثابت کرنے کے لیے روزانہ نت نئی تھیوریاں پیش کر رہا ہے۔ فی الحال بیک وقت کئی محاذوں پر کام جاری ہے اور کئی نئے سیاسی رابطے بعض حلقوں کے لیے خوف کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ بہرحال، اب جلد کچھ نہ کچھ بڑا ہونے والا ہے اور اگلے ڈیڑھ دو ماہ انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کئی اہم فیصلے ہو چکے ہیں اور اب ان پر عمل درآمد کروانے کا وقت قریب آ پہنچا ہے۔ اب اصل سوال یہ ہے کہ اس مجوزہ پلان پر عمل درآمد کیسے کروایا جائے۔ متوقع حالات سے احسن طریقے سے نمٹنے کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کے مابین رائے ونڈ میں ایک اہم بیٹھک بھی ہو چکی ہے، جس میں دونوں اطراف کے چیدہ چیدہ اور بااختیار افراد بھی موجود تھے۔
کچھ اہم کھلاڑیوں کے پاس اب وقت بھی کم ہے اور انتخاب کے لیے چوائسز بھی محدود ہوتی جا رہی ہیں۔ اس تمام عمل میں کچھ نئے ‘خدمت گزار’ بھی منظر عام پر آ رہے ہیں، اور کوشش یہ کی جا رہی ہے کہ نئے صوبوں اور نئے نظام پر ایک قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے تاکہ دنیا کو یہ تاثر دیا جا سکے کہ 1973 کے آئین کی طرح یہ نیا نظام بھی مکمل اتفاقِ رائے سے نافذ کیا گیا ہے۔
موجودہ حکمران طبقے کا مؤقف ہے کہ یہ تمام مشکل کام ہم کرنے کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ کسی اور کو اقتدار کے قریب نہ پھٹکنے دیا جائے۔ دوسری طرف، پس پردہ موجود طاقتور حلقوں کا کہنا ہے کہ آپ تاحال نہ تو کوئی مؤثر سیاسی بیانیہ بنا سکے، نہ ہی سیاسی و معاشی استحکام پیدا کر سکے اور نہ ہی عوام کو مطمئن کرنے میں کامیاب ہوئے۔ لہذا، نئے نظام میں نئے چہروں اور نئے لوگوں کو شامل کیے بغیر گزارا ممکن نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت بہت سارے اہم کرداروں سے متعدد امور پر خاموش بات چیت جاری ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ بیک وقت 28ویں آئینی ترمیم کا ڈول بھی ڈالا جا چکا ہے، نئے صوبوں کے قیام کا مجوزہ ماڈل بھی زیر بحث ہے، اور آئینی ترامیم، پارلیمنٹ کی منظوری یا عوامی ریفرنڈم جیسے مختلف پہلوؤں پر بھی سر جوڑ کر غور کیا جا رہا ہے۔ صوبوں کے اختیارات کم کرکے بلدیاتی اداروں کو دینے کی باتیں بھی ہو رہی ہیں اگرچہ اب تک ان تمام معاملات کی کوئی حتمی اور واضح شکل سامنے نہیں آ رہی، لیکن ان کے ساتھ ساتھ اگلے دورانیے کے انتخابات کے لیے ایک نیا خاکہ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کے اندر اپنے اپنے طور پر جوڑ توڑ کا بازار گرم ہے، اور کچھ خاص قسم کے مخصوص لوگ اس پورے سیٹ اپ میں کلیدی کردار ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ چہ مگوئیاں بھی عروج پر ہیں کہ اگلے سیٹ اپ کے لیے ایک بالکل نئی لابی تیار کی جا رہی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ روایتی سیاسی جماعتیں اپنی رہی سہی ساکھ بھی کھو چکی ہیں۔ ان جماعتوں کے اندر بیٹھے اہم افراد اب محض اشاروں کے منتظر دکھائی دیتے ہیں اور زبان حال سے کہہ رہے ہیں کہ "آپ حکم کریں، ہم نے تو صرف تعمیل کرنی ہے!” آج صورتحال یہ ہے کہ سیاسی جماعتوں کی اپنی صفوں پر گرفت کمزور ہو چکی ہے، وفاداریاں تبدیل کرنے میں اب کسی کو کوئی عار نہیں، اور عوام میں "مقبولیت کا چورن” اب کوئی خریدنے کو تیار نہیں۔
ہر سیاستدان اور پارٹی اس وقت صرف "قبولیت” کی تگ و دو میں لگی ہوئی ہے۔ اب تو ببانگ دہل یہ کہا جا رہا ہے کہ روایتی سیاسی جماعتوں کے ہونے یا نہ ہونے سے کیا فرق پڑتا ہے، ہم تو ہر جگہ اور ہر وقت خدمت کے لیے حاضر ہیں۔
یوں محسوس ہوتا ہے کہ نئے نظام کے ساتھ ساتھ اب ایک بالکل نیا "سیاسی مکسچر” تیار کیا جا رہا ہے، جو آنے والے دنوں میں ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔ فی الحال تو یہی کہا جا سکتا ہے کہ بس دیکھتے جائیے، آگے آگے ہوتا ہے کیا!۔



